8 کور سیکٹرس کی شرح ترقی میں گراوٹ لمبی لمبی ہانکنے والے نریندر مودی کی قلعی کھول رہے ہیں: کانگریس

کانگریس نے کہا کہ کور سیکٹر کی سست رفتار کا مطلب ہے کہ انڈسٹریل پروڈکشن میں بحران کا دور ہے اور ملک کی معیشت ڈانواڈول حالت میں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس @INCIndia</p></div>

گرافکس @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

’’نریندر مودی سے ملک کی معیشت سنبھالے نہیں سنبھل رہی ہے۔ بے روزگاری عروج پر ہے اور مہنگائی نے عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے، سرکاری سسٹم خود آئی سی یو میں ہے۔ ایک طرف پی ایم مودی تقریروں اور جملوں میں مست ہیں، تو دوسری طرف مئی 2025 میں ملک کی ترقی کا انجن مانے جانے والے کور سیکٹر کی ترقی صرف 0.7 فیصد رہی، جو گزشتہ 9 مہینوں میں سب سے ذیلی سطح ہے۔‘‘ یہ جانکاری کانگریس کے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اینکر کے ذریعہ دی گئی ہے۔ اس ویڈیو کے ذریعہ کانگریس نے 8 کور سیکٹرس کی شرح ترقی میں زبردست گراوٹ پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔

اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’خام تیل، گیس اور بجلی پروڈکشن میں زبردست گراوٹ نے صاف کر دیا ہے کہ ملک کا پروڈکشن نظام ٹھپ پڑا ہے۔ اب اس کور سیکٹر کے گرنے کا سیدھا مطلب ہے کہ نئے روزگار نہیں آئیں گے، اور جو لوگ پہلے سے کام کر رہے ہیں ان کی ملازمت خطرے میں ہے۔‘‘ ویڈیو میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’’یہ گراوٹ صرف اعداد و شمار کی کہانی نہیں ہے، بلکہ مودی حکومت کی خراب معاشی پالیسیوں کی سب سے بڑی مثال ہے۔ اس کے باوجود پی ایم مودی اس پر بات کرنے کی جگہ ’وشو گرو‘ اور ’وکاس‘ کے پرانے کیسیٹ بجا رہے ہیں۔‘‘


مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’جب کور سیکٹر کا دم گھُٹ رہا ہو اور لیڈران کیمروں کے سامنے ایونٹ کر رہے ہوں تو سمجھ لیجیے کہ ملک مشکلوں میں پھنستا جا رہا ہے۔ اب سوال صرف معیشت کا نہیں ہے، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ مودی حکومت ملک کی گرتی حالت کو کب تک جھوٹ کے پردے سے چھپاتی رے گی۔ کیونکہ سچائی یہ ہے کہ ملک کی معیشت کو پی ایم مودی کی ان معاشی پالیسیوں نے پوری طرح سے تباہ کر دیا ہے۔‘‘

اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’کور سیکٹر کی ترقی 9 ماہ کی ذیلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مئی 2025 میں یہ گھٹ کر 0.7 فیصد رہ گئی۔ ملک کے کور سیکٹر میں 8 اہم شعبے آتے ہیں– کوئلہ، خام تیل، ریفائنری مصنوعات، قدرتی گیس، فرٹیلائزر، سیمنٹ، اسٹیل اور بجلی۔ ان 8 اہم سیکٹرس کا صنعتی پروڈکشن انڈیکس (آئی آئی پی) میں 40 فیصد تعاون ہوتا ہے۔ کور سیکٹر کی دھیمی رفتار کا مطلب ہے کہ صنعتی پروڈکشن میں بحران کا دور چل رہا ہے اور ملک کی معیشت بری حالت میں ہے۔‘‘ اس پوسٹ کے آخر میں سخت تبصرہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’یہ اعداد و شمار معیشت کو لے کر لمبی لمبی ہانکنے والے نریندر مودی کی قلعی کھول رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔