ہندوستان میں کورونا معاملوں میں گراوٹ، 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 55 ہزار نئے کیسز

کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 لاکھ سے کم مریضوں کی تصدیق کی گئی

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں کئی دنوں کے بعد کورونا کے نئے معاملوں کی تعداد 3 لاکھ سے کم ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ 55 ہزار 874 مریضوں کی تصدیق کی گئی۔ تاہم ہلاکتوں کی تعداد اب بھی تشویشناک ہے۔ اس وقت ملک میں کووڈ انفیکشن کی شرح 15.2 فیصد ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے 22 لاکھ سے زیادہ معاملے فعال ہیں۔

خیال رہے کہ پیر کے روز ملک بھر سے کورونا کے 3.06 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے یعنی آج کورونا کے 50190 کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2,67,753 افراد نے شفایابی حاصل کر لی ہے، جبکہ 614 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملک میں اب تک 490462 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 37071898 لوگوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔


کورونا ٹیسٹنگ کی بات کریں تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1649108 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک میں اب تک 71.88 کروڑ کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ دوسری طرف کورونا ٹیکہ کاری کی بات کریں تو ملک میں اب تک 162.92 کروڑ کووڈ ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

بھلے ہی کورونا کیسز کم ہوئے ہوں لیکن اس وقت اندور میں کورونا کے ویرینٹ اومیکرون کے ایک نئے ’سب ویرینٹ‘ کی وجہ سے خوف و ہراس ہے۔ یہاں 6 بچوں سمیت 12 مریضوں میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اومیکرون کی یہ ذیلی قسم بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔ اس کا انفیکشن مریض کے پھیپھڑوں کو سب سے زیادہ متاثر کرتا ہے۔ نئے مریضوں کے پھیپھڑوں میں بھی 5 فیصد سے 40 فیصد تک انفیکشن پایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔