دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ ہوگا یا نہیں! ’ڈی ڈی ایم اے‘ کے اجلاس میں فیصلہ ہوگا

دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ ہونا چاہئے یا نہیں، اس پر ڈی ڈی ایم اے ایک اہم اجلاس منعقد کرنے جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران دہلی میں چوتھے الرٹ کو نافذ کرنے پر غور کیا جائے گا

دہلی میں کرفیو / علامتی تصویر
دہلی میں کرفیو / علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں کورونا کے نئے معاملوں کی رفتار میں کمی نہیں آ رہی ہے اور ہندوستان میں وائرس کا پھیلاؤ عوامی سطح پر (کمیونٹی اسپریڈ) شروع ہو چکا ہے۔ دہلی میں پیر کے روز کورونا کے 5760 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے اور یہاں انفیکشن کی شرح 11.79 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔ ایک دن میں 30 لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آیا راجدھانی میں لاک ڈاؤن نافذ ہوگا یا نہیں۔ اس معاملہ پر ڈی ڈی ایم اے (دہلی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) نے ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل کی صدارت میں ورچوئل اجلاس منعقد ہوگا جس میں ڈی ڈی ایم اے دہلی میں گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے چوتھے الرٹ کے نفاذ پر غور کرے گی۔ یہ اہم اجلاس 27 جنوری بروز جمعرات دوپہر 12:30 بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوگا، جس میں وزیرا علیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ تمام وزراء اور اعلیٰ عہدیدار موجود رہیں گے۔


ڈی ڈی ایم اے اس بات پر تبادلہ خیال کرے گی کہ آیا جی آر اے پی کے لیول 4 کے تحت دہلی میں ریڈ الرٹ نافذ کیا جانا چاہئے! اگر دہلی میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا تو تعمیراتی کام کی اجازت صرف ان مقامات پر دی جائے گی جہاں مزدور سائٹ پر رہ رہے ہوں۔ ضروری خدمات سے متعلق مینوفیکچرنگ یونٹ کی صنعتیں اور ضروری خدمات سے متعلق دکانیں ہی کھلی رہیں گی۔

غیر ضروری خدمات سے متعلق دکانوں کے ساتھ مالز اور ہفتہ وار بازار بھی مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ای کامرس کی ڈیلیوری صرف ضروری خدمات کی ہوگی۔ ریستوراں اور بار مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی سہولت جاری رہے گی۔ ہوٹل اور لاجز کھلے رہیں گے، ہوٹل میں بینکوئٹ ہال اور کانفرنس روم مکمل طور پر بند رہیں گے۔

سنیما ہال، تھیرٹر، ملٹی پلیکس, آڈیٹوریم ہال بند، حجام کی دکانیں، سیلون اور بیوٹی پارلر بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ اسپا، جِم اور یوگا سینٹر بھی بند رہیں گے۔ بیرونی یوگا کی سرگرمیاں بھی بند ہو جائیں گی۔ تفریحی مقامات اور واٹر پارکس بند رہیں گے۔ پرائیویٹ دفاتر بند رہیں گے، البتہ استثنیٰ کے زمرے میں آنے والے دفاتر کھلے رہیں گے۔


اس کے علاوہ سپورٹس کمپلیکس، سوئمنگ پول، عوامی پارکس، باغات اور گولف کورس بھی بند رہیں گے۔ شادیوں میں 15 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی، جو صرف گھر یا عدالت میں کی جاسکتی ہے۔ جنازے میں 15 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ سماجی، ثقافتی، سیاسی، مذہبی تہواروں اور تفریح ​​سے متعلق اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔ اسکول، کالج، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

دہلی میٹرو بند رہے گی۔ بین ریاستی بس خدمات 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ کمرشل ٹیکسیاں اور آٹو کی خدمات جاری رہیں گی۔ کرفیو کا نفاذ 24 گھنٹے کے لیے ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔