ڈی ڈی ایم اے نے دہلی ائیرپورٹ پر سرکاری اساتذہ کی کووڈ ڈیوٹی کا فیصلہ واپس لیا

اتھارٹی نے تازہ حکم نامہ میں کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ پروٹوکول اور رہنما اصولوں کو یقینی بنانے کے لئے سول ڈفینس کو تعینات کیا جائے گا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پروازوں کے ذریعے بیرون ملک سے دہلی تشریف لانے والے مسافروں کے لئے کووڈ پروٹوکول کو یقینی بنانے کے لئے راجدھانی کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو ہوائی اڈے پر تعینات کرنے کا حکم دینے کے ایک دن بعد، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے منگل کو اپنا حکم واپس لے لیا۔ اساتذہ کو 31 دسمبر سے 15 جنوری تک دہلی ہوائی اڈے پر کووڈ ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا جانا تھا۔

ڈی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ویسٹ) کے حکم پر مذکورہ مدت کے لیے اسکول کے اساتذہ اور دیگر غیر تدریسی عملے کو کووڈ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم، اتھارٹی نے تازہ حکم نامہ میں کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ پروٹوکول اور رہنما اصولوں کو یقینی بنانے کے لئے سول ڈفینس کو تعینات کیا جائے گا۔


قبل ازیں، پیر کو ضلع مجسٹریٹ ویسٹ نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایک حکم جاری کیا تھا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو 31 دسمبر سے 15 جنوری تک کووڈ پروٹوکول کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی اڈے پر اضافی عملے کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔

حکم نامے کے مطابق بیرون ملک سے تشریف لانے والے مسافروں کے لیے کووڈ پروٹوکول کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے 85 ملازمین کو ڈیوٹی سونپی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔