اردو کے ساتھ ’ڈی ڈی نیوز‘ کے ڈائریکٹر جنرل کا سوتیلا رویہ افسوسناک: اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن

قومی اقلیتی کمیشن کی ہدایت کے باوجود ڈائریکٹر جنرل ’ڈی ڈی نیوز‘ پر کوئی اثر نہیں پڑا اور اردو کا دس نیوز بلیٹن اب گھٹ کر دو نیوز بلیٹن تک محدود ہو گیا ہے۔

ڈی ڈی اردو، تصویر یو این آئی
ڈی ڈی اردو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر لال بہادر نے دوردرشن کے اردو نیوز بلیٹن کو بند کرنے کی سازش کو ہندوستانی زبان اردو کے ساتھ سوتیلے سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد گزشتہ روایت کے مطابق اردو نیوز کی دس بلیٹن شروع کیے جائیں۔ یہ الزام انہوں نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کیا ہے۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کے ساتھ سرکاری طور پر سوتیلا رویہ اختیار کرنا اور اس کی اندیکھی کرنا یہاں تک کہ قومی مائناریٹیز کمیشن، حکومت ہند کی ہدایت کا بھی اثر نہ لینا افسوس کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کا نعرہ تو دیا ہے لیکن سرکاری آفیسرز کا رویہ بہت تکلیف دہ ہے، کیوں کہ سرکاری آفیسرز کو عملی جامہ پہنانا ہوتا ہے اور وہ ہر کام میں آئینی حدود کے پابند ہوتے ہیں۔


ڈاکٹر لال بہادر نے کہا کہ مگر ایسا لگتا ہے کہ سرکاری آفیسرز مذہب کی بنیاد پر کام انجام دے رہے ہیں اور اردو جیسی قومی زبان کے بارے میں بھی تنگ نظری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہم وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ قومی مائناریٹیز کمیشن کی سفارشات و ہدایات پر عمل کرنے کے لیے نوکرشاہوں کو پابند کریں تاکہ اس طرح کی شکایات کا دوبارہ موقع نہ ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔