ممبئی: مرین ڈرائیو پر نظر آ رہیں خطرناک لہریں، سمندر کنارے جانے پر لگی روک

موسم میں بدلاؤ کے ساتھ ممبئی واقع مرین ڈرائیو پر تیز لہریں دکھائی دینے لگی ہیں۔ ان تیز لہروں کو دیکھ کر مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو وہاں سے ہٹا دیا ہے اور سمندر کے کنارے جانے سے منع بھی کیا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی کے مرین ڈرائیو پر لہروں کا خطرناک نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دراصل ہندوستان میں مانسون نے دستک دے دی ہے جس کی وجہ سے کئی شہروں میں بارش سے پریشانی بڑھنے والی ہے۔ اس سلسلے میں ممبئی پر خطرہ کچھ زیادہ ہی ہے جہاں ہر سال بارش میں سیلاب کا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہفتہ کے روز ممبئی میں موسم کی تبدیلی دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جلد ہی ممبئی باشندوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


موسم میں بدلاؤ کے آثار نظر آنے کے ساتھ ہی ممبئی واقع مرین ڈرائیو پر تیز لہریں دکھائی دینے لگی ہیں۔ ان تیز لہروں کو دیکھ کر مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو وہاں سے ہٹا دیا ہے اور سمندر کے کنارے جانے سے منع بھی کیا جا رہا ہے۔ ممبئی میں ساحلوں پر ہائی ٹائیڈ جیسا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے اسی لیے لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ سمندروں کے کنارے نہ جائیں کیونکہ یہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

مرین ڈرائیو کا ایک ویڈیو خبر رساں ادارہ 'اے این آئی' نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں صاف پتہ چل رہا ہے کہ سمندر کی لہریں ہوا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کافی اونچائی تک اٹھ رہی ہیں۔ مرین ڈرائیو کا یہ نظارہ کافی ڈرانے والا ہے۔ اونچی اونچی لہروں کو دیکھ کر جب انتظامیہ افسران نے لوگوں کو ساحل کے کنارے سے نکل جانے کی ہدایت دی تو اچھے موسم کا لطف اٹھانے کے مقصد سے وہاں جمع ہوئے لوگوں کے چہروں پر کچھ مایوسی نظر آئی۔ لیکن کوئی ناخوشگوار واقعہ سرزد نہ ہو جائے، اس لیے انتظامیہ اہلکاروں نے سختی کے ساتھ انھیں وہاں سے ہٹنے کے لیے کہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔