مظفرنگر: دلت نوجوان کی پٹائی، ’جے شری رام ‘کے نعرے لگوائے!

دلتوں کی دھمکی، اگر 17 جنوری تک پولس نے ملزمین کو گرفتار نہیں کیا تو وہ بڑی تحریک چھیڑ دیں گے۔

تصور سوشل میڈیا
تصور سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مظفر نگر :پور قاضی تھانہ علاقہ میں ایک دلت نوجوان ویپن کی ہندوتووادی شرپسندوں کی طرف سے پٹائی کی خبر سامنے آنے پر ہنگامہ ہو گیا ہے۔ دلت سماج بے حد غصہ میں ہے اور کئی تنظیموں کی طرف سے ہوئے مظاہرے کے بعد یہ انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر جلد ہی واردات میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ بڑی تحریک چھیڑ دیں گے۔

پور قاضی تھانہ علاقہ کے گاؤں کلن پور کے رہائشی دلت نوجوان ویپن کی پٹائی کا واقعہ 14 جنوری کو پیش آیا جب وہ بائیک کے ذریعہ دکان سے گھر لوٹ رہا تھا۔ راستہ میں کچھ لوگوں نے اس پر دیوی دیوتاؤں کی تصاویر پھاڑنے کا الزام لگاتے ہوئے مارپیٹ شروع کر دی۔ شرپسندوں نے بیچ راہ میں ویپن کی پٹائی کی اور ’جے ماتا دی ‘، ’جے شری رام‘ اور ’جے بھولے ناتھ ‘ جیسے نعرے لگوائے۔ بعد میں ویپن کو علاج کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پٹائی کرتے وقت حملہ آوروں نے واقعہ کا ویڈیو بنایا جسے بعد میں دہشت پھیلانے کے ارادے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے دلت سماج کے لوگوں میں غصہ پایا جا رہا ہے۔

دلت تنظیم بھیم آرمی نے اس واقعہ کے خلاف پور قاضی میں احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور بڑی تحریک چھیڑنے کا بھی انتباہ دیا ہے۔ دوسری طرف شہید اودھم سنگھ سینا، بودھ مہا سبھا، آرکشن بچاؤ سنگرش سمیتی اور جے سندھو سنگھ جیسی تنظیموں نے بھی اس واقعہ پر ایس ایس پی آفس پر احتجاج کیا۔ دلتوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر 17 جنوری تک پولس نے ملزمین کو گرفتار نہیں کیا تو وہ بڑی تحریک چھیڑ دیں گے۔

ویڈیو وائرل ہونے پر پولس حرکت میں آ گئی ہے اور ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ مظفرنگر کے ایس ایس پی اننت دیو کا کہنا ہے ’’یہ واقعہ پورقاضی تھانہ علاقہ کا ہے اور متاثرہ نوجوان اور ملزمین کی شناخت کر لی گئی ہے۔ پور قاضی کے رہائشی 4 نوجوانوں نے واردات کو انجام دیا ہے جن کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ‘‘

ویڈیوسے صاف پتہ چل رہا ہے کہ ویپن معافی مانگ رہا ہے لیکن شر پسند اس پر لگاتار ڈنڈے برسا رہے ہیں۔ پٹائی کرنے والوں کے علاوہ بھی کافی لوگ وہاں موجود ہیں لیکن اسے کوئی بچا نہیں رہا۔ حملہ کا شکار ویپن بائیک پر جا رہا تھا اس لئے اس نے ہیلمیٹ بھی لگایا ہوا ہے۔

’رونامہ امر اجالا‘ کو سی او یوگیندر سنگھ نے بتایا کہ ’’ویپن کمار کی پٹائی کرنے والے 4 ملزمین راہل ، دھیرج، جودھا اور کاکو کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘

دلت نوجوان ویپن کی پٹائی کو بھیم سینا نامی ایک تنظیم کی اس مہم سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے جس کے تحت دلتوں کے گھرں میں لگی دیوی دیوتاؤں کی تصاویر کو اتارنے کو کہا جا رہا ہے۔ 24 نومبر کو کلن پور میں کچھ دلت خاندانوں نے اپنے گھروں سے ہندو ۔دیوی دیوتاؤں کی تصاویر اور مورتیاں پھینک دی تھی اور اس کا ویڈیو وائر ل کر دیا تھا۔ اس کے بعد گاؤں کے کچھ نوجوانوں نے 5 دلتوں کے خلاف تحریر دے کر کارروائی کی مانگ کی تھی۔ پولس نےتحریر کی بنا پر مقدمہ درج کر لیا تھا اور 2 افراد کو جیل بھی بھیج دیا تھا۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
مظفر نگر کے ایس ایس پی اننت دیو سے ملاقات کرتا دلتوں کا ایک وفد

اس کے بعد بھی کئی مواقع پر دلتوں نے اپنے گھرو ں میں لگی دیوی دیوتاؤں کی تصاویر اور مورتیاں پھینکی تھیں ۔ کئی بار دلتوں اور گوجروں کے درمیان جھگڑا بھی ہو چکا ہے۔ فی الحال دلت سماج میں غصہ ہے اور پولس نے ابھی تک ملزمین کو گرفتار نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jan 2018, 10:52 AM