مدھیہ پردیش میں دبنگ شخص نے قبائلی مزدور پر کیا پیشاب، بی جے پی رکن اسمبلی کا قریبی ہونے کا الزام

مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پرویش شکلا بی جے پی رکن اسمبلی کیدارناتھ شکلا کے نمائندہ ہیں، حالانکہ کیدارناتھ نے اس سے انکار کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے سیدھی سے ایک بے حد شرمناک واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس ویڈیو میں ایک دبنگ شخص قبائلی مزدور کے جسم پر پیشاب کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یہ دبنگ بی جے پی رکن اسمبلی کیدار شکلا کا نمائندہ پرویش شکلا بتایا جا رہا ہے۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے ملزم پر این ایس اے لگانے کی بات کہی ہے، لیکن ابھی تک اس کی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک شخص، جو بیبا قبائل طبقہ کا بتایا جا رہا ہے، فٹ پاتھ پر بیٹھا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جبکہ دوسرا شخص جس کی شناخت پرویش شکلا کی شکل میں کی گئی ہے، اس کے اوپر پیشاب کرتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ ویڈیو سیدھی ضلع کا ہے۔ قبائلی پر پیشاب کرنے والا شخص بی جے پی رکن اسمبلی کیدار شکلا کا نمائندہ پرویش شکلا بتایا جا رہا ہے۔ جس قبائلی شخص پر پیشاب کیا گیا، اس کا نام پالے کول بتایا جا رہا ہے، جو سیدھی ضلع کے کروندی گاؤں کا ہے اور مزدوری کرتا ہے۔


سوشل میڈیا پر شرمناک واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر جب معاملے نے طول پکڑا تو وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے ملزم پر سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ شیوراج نے کہا کہ مجرم کو کسی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ مجرم پر قومی سیکورٹی قانون (این ایس اے) بھی لگایا جائے گا۔

واقعہ سامنے آنے پر اپوزیشن پارٹیاں برسراقتدار پارٹی بی جے پی پر حملہ آور ہو گئی ہیں اور الزام لگایا ہے کہ ملزم شخص سیدھی سے بی جے پی رکن اسمبلی کیدار شکلا کا نمائندہ ہے۔ حالانکہ معاملے کے طول پکڑنے کے بعد بی جے پی رکن اسمبلی کیدار شکلا نے کہا کہ پرویش ان کا نمائندہ نہیں ہے۔ میرا پرویش شکلا سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، وہ میرے نمائندہ نہیں ہیں۔ میں انھیں نہیں جانتا۔ میں ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔


دوسری طرف مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ پرویش شکلا بی جے پی رکن اسمبلی کیدارناتھ شکلا کے نمائندہ ہیں۔ کیدارناتھ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سیدھی سے دو بار کے رکن اسمبلی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعہ سے بی جے پی کی دبنگئی اور غنڈہ گردی سامنے آ گئی ہے۔ ملزم کے بی جے پی سے جڑے ہونے کے سبب اب تک اس کی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔