یاس: ممتا نے پی ایم مودی سے کی ملاقات، 20 ہزار کروڑ روپے مالی پیکیج کا مطالبہ

دیگھا میں بی ڈی اوز سے ملاقات کے دوران ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم کو ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ طوفان یاس کی وجہ سے ریاست کو 20 ہزارکروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیرا عظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ان سے 20000 کروڑ روپے کے مجموعی مالی پیکیج کا مطالبہ کیا۔ وزیرا عظم نے گردابی طوفان یاس سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کےلئے آج اڈیشہ اور بنگال کا دورہ کیا۔ وزیرا علیٰ ممتابنرجی نے وزیرا عظم مودی سے مشرقی مدنی پور کے کائیکنڈہ میں ملاقات کی اور ریاست کو ہونے والے نقصان سے متعلق ایک رپورٹ سونپی۔

دیگھا میں بی ڈی اوز سے ملاقات کے دوران ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم کو ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ طوفان یاس کی وجہ سے ریاست کو 20 ہزارکروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، ریاستی حکومت نے وزیر اعظم سے دیگھا کے لئے 10,000 کروڑ روپے اور سندربن کے لئے مزید 10,000 کروڑ روپے کے مالیاتی پیکیج کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


یاس سے مشرقی مدنی پور اور جنوبی 24 پرگنہ میں سب سے زیادہ تباہی مچی ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست کے سیاحتی مقامات دیگھا اور مندار منی میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ وہیں سندربن کا بڑا علاقہ مکمل طور پر ڈوب گیا ہے۔ امفان کے بعد سندر بن کی تعمیر نو کی جارہی تھی وہ بھی اس کی زد میں آکر تباہ و برباد ہوگئے ہیں ۔یاس کی وجہ سے سندر بن کے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔

یہاں قابل غور ہے کہ ممتا بنرجی وزیر اعظم مودی کے ساتھ کائیکنڈہ میٹنگ میں شریک نہیں ہوئیں، لیکن دونوں لیڈروں کے درمیان مختصر ملاقات ضرور ہوئی۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ان کے سامنے یاس طوفان سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔


دیگھا میں ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف سکریٹری اور میں یاس طوفان میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم نے وزیرا عظم مودی سے ملاقات کرکے ریاست میں ہونے والے نقصانات کا اجمالی جائزہ پیش کرتے ہوئے 20 ہزار کروڑ روپے کے مجموعی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے سیاحتی مقام دیگھا کی تعمیر نو اور سندر بن کی تعمیر کے لئے علاحدہ علاحدہ دس دس ہزار کروڑ روپے کا مطالبہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ جو آ پ مناسب سمجھیں کریں۔ایسے مجھے نہیں لگتا ہے کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں ہمارے مسائل کو سمجھے گی۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ دیگھا کی تعمیر نو کی جلد سے جلد ضرورت ہے۔ یہاں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */