مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلہ، اب 6 اپریل سے ہوں گے سنٹرل یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ کے لئے رجسٹریشن

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے مطابق سی یو ای ٹی کے لیے درخواستیں 6 اپریل سے شروع ہوں گی اور 6 مئی تک جاری رہیں گی۔ پہلے درخواست کی آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے سنٹرل یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ (CUET) کا عمل اب 6 اپریل سے شروع ہوگا۔ پہلے یہ عمل 2 اپریل سے شروع ہونا تھا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے مطابق CUET کے لیے درخواستیں 6 اپریل سے شروع ہوں گی اور 6 مئی تک جاری رہیں گی۔ پہلے درخواست کی آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی تھی تاہم اس میں اب توسیع کردی گئی ہے۔

اب صرف کامن انٹری ٹیسٹ کے ذریعے ہی سینٹرل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے کالجوں اور شعبہ جات کے انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلہ حاصل کر سکیں گے۔ داخلہ لینے میں دلچسپی رکھنے والے طلباء اس فارم کو آن لائن بھر سکتے ہیں۔ فارم بھرتے وقت طلباء کو کچھ اصولوں کو ذہن میں رکھنا ضروری ہوگا۔


سی یو ای ٹی امتحان کے لیے درخواست دینے کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہے۔ تاہم اس کے لیے تعلیمی قابلیت مقرر کی گئی ہے۔ سنٹرل یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ کے لیے رجسٹر کرنے کے خواہشمند امیدواروں کا کسی بھی تسلیم شدہ بورڈ سے انٹرمیڈیٹ پاس ہونا ضروری ہے۔ یہاں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے کچھ طلباء کو نرمی فراہم کی ہے۔ اس نرمی کے تحت، وہ طلباء بھی سی یو ای ٹی کے لیے درخواست کرسکتے ہیں، جنہیں اس سال 12ویں جماعت کے امتحان میں شرکت کرنا ہے۔

تاہم، جو طلباء 12ویں کے امتحان دے چکے ہیں، انہیں 12ویں کی مارکشیٹ منسلک کرنا ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی، تمام فارم بھرنے والے طلباء کو فارم کے ساتھ اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، ایک شناختی ثبوت اور اسکین شدہ دستخط بھی اپ لوڈ کرنے ہوں گے۔ یو جی سی کے مطابق انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلے کے لیے یہ امتحان جولائی 2022 کے پہلے ہفتے میں منعقد کیا جائے گا۔


ان امتحانات کے امتحان کا پیٹرن اس طرح رکھا گیا ہے کہ متعدد سوالات (MCQs) ہوں گے۔ یہ امتحان دو شفٹوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ سنٹرل یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ کے فارم 6 اپریل سے مختلف مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے دستیاب ہوں گے۔ مرکزی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ کورسز کے داخلے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ اب مرکزی یونیورسٹی سے منسلک کالجوں میں انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلے کے لیے 12ویں کے نمبر کی کوئی خاص اہمیت نہیں رہے گی۔ اب تک کالجوں میں داخلے 12ویں کی بنیاد پر ہوتے رہے ہیں۔ لیکن اب طلباء داخلہ ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے، جس کے لیے یہ فارم بھرنا لازمی ہوگا۔

ملک بھر کے بہت سے ماہرین تعلیم کا خیال ہے کہ انڈرگریجویٹ کورسز کے لیے سینٹرل یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ طلبہ کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی لانے والا ہے۔ خاص طور پر ایسے اسکول کے طلباء جو اس وقت 12ویں جماعت میں پڑھ رہے ہیں۔ یو جی سی کے مطابق کامن انٹری ٹیسٹ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ کامن انٹری ٹیسٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر مرکزی یونیورسٹیوں میں داخلہ دیا جائے گا۔ یہ امتحانات نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے اور یہ 13 زبانوں میں ہوں گے- ہندی، گجراتی، مراٹھی، تمل، تیلگو، ملیالم، کنڑ، بنگالی، اڑیہ، آسامی، پنجابی، اردو اور انگریزی۔ اس سے تمام علاقوں اور طبقوں کے طلباء کو یکساں مواقع میسر ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔