بہار انتخابات سے قبل این ڈی اے میں شگاف! نتیش کی قیادت نامنظور، مودی پر اعتماد برقرار

ایل جے پی ذرائع کے مطابق پارٹی کو صرف 15 سے 20 سیٹیں دی جا رہی تھیں، حالانکہ ایل جے پی نے 42 نشستوں کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ جے ڈی یو رہنما پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ایل جے پی سے ان کا کوئی اتحاد نہیں ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: لوک جن شکتی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ این ڈی اے کے نتیش کمار کی قیادت میں اسمبلی انتخابات نہیں لڑے گی اور پارٹی 'بہار فرسٹ، بہاری فرسٹ' (بہار پہلے، بہاری پہلے) کے نعرے کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایل جے پی نے نتیش کی قیادت پر تو اعتراض ظاہر کیا ہے لیکن وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے خوش ہے اور ان کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔

بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے اور این ڈی اے میں حلقہ بندیوں کے درمیان سیٹ کی تقسیم کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی سیٹ شیئرنگ کے لئے مستقل دباؤ ڈال رہی ہے، لیکن اسے کامیابی نہیں ملی تو اس نے این ڈی اے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ اب پارٹی نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ وزیر اعلی نتیش کمار کی سربراہی میں این ڈی اے کے ساتھ انتخابات نہیں لڑے گی۔ نتیجتاً انتخابات سے پہلے این ڈی اے میں دراڑ پڑ گئی۔


لوک جن شکتی پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہفتے کے روز ہونا تھا، لیکن مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی علالت کی وجہ سے اجلاس اتوار کے لئے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ایل جے پی کے سربراہ چراغ پاسوان اپنے والد رام ولاس پاسوان سے ملنے اسپتال چلے گئے تھے۔ رام ولاس دہلی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

ایل جے پی کے سربراہ چراغ پاسوان سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں گزشتہ ماہ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے پانچ بار مل چکے ہیں۔ جبکہ ایک بار انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ ایل جے پی ذرائع کے مطابق پارٹی کو صرف 15 سے 20 سیٹیں دی جا رہی تھیں، جبکہ ایل جے پی نے 42 نشستوں کا مطالبہ کیا تھا۔ جبکہ جے ڈی یو رہنما پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ایل جے پی سے ان کا کوئی اتحاد نہیں ہے۔ بی جے پی اپنے کھاتہ میں سے ایل جے پی کو سیٹیں فراہم کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔