کووڈ بیپ: جسمانی اعضا کی نگرانی کرنے والا ملک میں تیار پہلا اور کفایتی آلہ!

جتندر سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’کووڈ بیپ‘ حیدر آباد کے ای ایس آئی سی میڈیکل کالج اور الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا لمیٹیڈ کی جانب سے تیار کیا گیا ایک آلہ ہے۔ اسے گزشتہ برس تیار کیا گیا تھا۔

کووڈ بیپ
کووڈ بیپ
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت نے لوک سبھا میں کہا کہ ’کووڈ بیپ‘ ملک میں تیار پہلا اور کفایتی وائرلیس جسمانی پیرامیٹرز کی نگرانی کرنے والا نظام ہے جس سے کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی دیکھ بھال کی جاسکتی ہے۔ لوک سبھا میں بدھ کے روز وقفہ سوالات کے دوران نیوکلیائی توانائی کے ریاستی وزیر جتندر سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’کووڈ بیپ‘ حیدر آباد کے ای ایس آئی سی میڈیکل کالج اور الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا لمیٹیڈ کی جانب سے تیار کیا گیا ایک آلہ ہے۔ اسے گزشتہ برس جون میں تیار کیا گیا تھا۔

جتندر سنگھ نے کہا ’’کووڈ بیپ کلائی پر پہنا جانے والا ایک آلہ ہے، جسے ملک میں ہی تیار کیا گیا ہے، جو ایک موبائل ایپ سے منسلک ہوتا ہے۔ اس کے ذریعہ کسی بھی مقام سے کووڈ کے مریضوں اور کورونا سے ٹھیک ہوچکے لوگوں کی نگرانی کی جاسکتی ہے۔ یہ آلہ ریموٹ یا موبائل سے کنکٹ ہوسکتا ہے۔ اس میں جی پی ایس سسٹم ہے جس سے مریضوں کو ٹریک کیا جاسکتا ہے‘‘۔


جتندر سنگھ نے کہا ’’کورونا کا علاج کر رہے ڈاکٹر اور طبی اہلکاروں کے لئے مریضوں کے رابطے میں آنے کی وجہ سے خطرہ برقرار رہتا ہے۔ اس کے علاوہ آئسولیشن میں رہ رہے مریضوں کی دیکھ بھال بھی مشکل ہوتی ہے۔ ان سب چیلنجز کو کم کرنے اور علاج میں اہم رول ادا کرنے میں یہ آلہ کار آمد ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’فی الحال 40 کووڈ بیپ حیدر آباد کے سرکاری اسپتالوں میں استعمال اور فیڈ بیک کے لئے سپلائی کیے گئے ہیں۔ اگست 2021 تک 100 کووڈ بیپ تیار کئے جارہے ہیں‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔