کونسلر نے لگایا بی جے پی رکن پارلیمنٹ ترپاٹھی پر مار پیٹ کا الزام، یوگی کو لکھا خط

کونسلر تیواری نے خط میں کہا ہے کہ میں اپنے ماں باپ کا اکلوتا بیٹا ہوں۔ اگر میرے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو ترپاٹھی ذمہ دار ہوں گے۔ اس کی اطلاع وزیراعلیٰ سمیت ہر کسی کو میری جانب سے دی گئی ہے

رماپتی رام تریپاٹھی، تصویر لوک سبھا
رماپتی رام تریپاٹھی، تصویر لوک سبھا
user

یو این آئی

دیوریا: اترپردیش کے ضلع دیوریا میں میونسپل کے بی جے پی کونسلر نے یہاں اپنی ہی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پر مار پیٹ کا الزام عائد کیا ہے جبکہ رکن پارلیمنٹ نے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ دیوریا میں وارڈ نمبر 17 راگھو نگر کے کونسلر آشوتوش تیواری نے ہفتے کے روز وزیراعلیٰ کو مکتوب لکھ کر کہا ہے کہ ضلع پنچایت کیمپس میں واقع صدر رکن پارلیمنٹ رماپتی رام تریپاٹھی کی رہائش گاہ پر ان کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ میونسپل کونسل کی بورڈ کی میٹنگ میں ٹاؤن ہال واقع آڈیٹوریم کا نام سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کے نام پر رکھے جانے کی تجویز انہوں نے دی تھی جسے میونسپل بورڈ نے پاس کر دیا اور گورکھپور کمشنر نے بھی مشورہ دیا ہے۔

آشوتوش تیواری نے وزیراعلیٰ کو ارسال مکتوب میں کہا ہے کہ اسی درمیان ستمبر 2020 کو انتظامیہ اور تنظیم کے کچھ افراد کی شہ پر نامعلوم افرد نے سابق رکن پارلیمنٹ موہن سنگھ کا مجسمہ نصب کر دیا۔ آڈیٹوریم میں سابق رکن پارلیمنٹ کا نام لکھ دیا گیا۔ کونسلر آشوتوش نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 نومبر کی شام کو جب وہ رکن پارلیمنٹ کے ضلع پنچایت کیمپس واقع رہائش گاہ پر گیا تو رکن پارلیمنٹ رماپتی رام ترپاٹھی نے کہا کہ ملاقات کرکے جانا، ضروری بات کرنی ہے۔ رات 10:30 بجے جب سبھی چلے گئے اور صرف ٹھیکیدار گریش سنگھ منا موجود تھے۔ اس وقت رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ میونسپل بورڈ کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میں اپنی تجویز جو آڈیٹوریم سے متعلق آپ نے دی ہے‘ واپس لے لینا۔ ہم نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے۔ اسی بات پر وہ بھڑک گئے اور برا بھلا کہنے لگے۔


انہوں نے خط میں کہا ہے کہ اسی دوران ٹھیکیدار گریش منا سنگھ دھینگا مشتی کرکے گالی دینے لگے۔ انہوں نے پسٹل نکال کر دھمکی دی اور کہا کہ بھاگ جاؤ۔ کونسلر نے کہا کہ انہوں نے مخالفت کی تو مارو مارو کہہ کر رکن پارلیمنٹ خود انھیں مارنے لگے۔ ٹھیکیدار گریش سنگھ منا نے مجھ پر پسٹل تان لی۔ بے رحمی سے میری پٹائی کی گئی۔ کسی طرح جان بچا کر وہ بھاگا۔

کونسلر تیواری نے اپنے خط میں کہا ہے کہ میں اپنے ماں باپ کا اکلوتا بیٹا ہوں۔ اگر میرے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو رکن پارلیمنٹ رماپتی رام ترپاٹھی ذمہ دار ہوں گے۔ اس کی اطلاع وزیراعلیٰ سمیت ہر کسی کو میری جانب سے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں رکن پارلیمنٹ رماپتی رام ترپاٹھی نے آج یہاں کہا کہ مجھے اس کی اطلاع نہیں ہے، یہ تکلیف دہ ہے۔ کونسلر کا الزام غلط اور بے بنیاد ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔