’کیا آئین پر اس سے بڑا حملہ ہو سکتا ہے؟‘ حلقہ بندی بلوں کے لیے پارلیمانی اجلاس طلب کرنے پر کانگریس کا حملہ
کانگریس نے کہا کہ آپریشن لوٹس کے 105 دن بعد مودی حکومت نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ اسے امید ہے کہ آئین ترمیمی بل پاس کرانے کے لیے وہ بے حد داغدار دو تہائی اکثریت حاصل کر لے گی۔

مرکز کی مودی حکومت نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی جانکاری دے دی ہے، جو کہ مانسون اجلاس کا ہی تسلسل ہوگا۔ اس خصوصی اجلاس کے امکانات پہلے سے ہی ظاہر کیے جا رہے تھے اور اپوزیشن پارٹیاں مودی حکومت پر الزام لگا رہی تھیں کہ انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی سے متعلق بل کو غلط طریقے سے پاس کرانے کی کوششیں نظر آ رہی ہیں۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیے جانے کے بعد کانگریس نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے تو اسے ہندوستانی آئین پر سب سے بڑا حملہ قرار دیا ہے۔
جئے رام رمیش نے 26 نومبر کی شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’14 اپریل 2026 کو ڈاکٹر امبیڈکر جینتی کی شام مودی حکومت نے حد بندی بلوں کو منطر عام پر لایا تھا۔ لیکن 17 اپریل 2026 کی شب پارلیمنٹ میں ان بلوں کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔‘‘ اس پرانی بات کو یاد کرنے کے بعد وہ لکھتے ہیں کہ ’’اب یومِ آئین پر آپریشن لوٹس کے 105 دن بعد مودی حکومت نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسے امید ہے کہ آئین ترمیمی بل پاس کرانے کے لیے وہ بے حد داغدار دو تہائی اکثریت کا جگاڑ کر لے گی۔‘‘
مذکورہ بالا خیالات ظاہر کرنے کے بعد جئے رام رمیش نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ’’کیا آئین کی اس سے بڑی بے عزتی اور اس پر اس سے بڑا حملہ ہو سکتا ہے؟‘‘ ساتھ ہی انھوں نے مودی حکومت کی اس مبینہ سازش کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس اس لیے طلب کیا گیا ہے تاکہ انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی والے بلوں کو کسی طرح پاس کرایا جائے۔ حالانکہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں حد بندی بلوں میں شامل ضابطوں کو نامناسب ٹھہراتی رہی ہیں اور وہ کسی بھی حال میں انھیں پارلیمنٹ سے منظور ہوتے نہیں دیکھنا چاہتیں۔ این ڈی اے کے پاس اسے پاس کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت موجود بھی نہیں ہے، لیکن اپوزیشن کا الزام ہے کہ وہ کچھ پارٹیوں پر دباؤ بنا کر اپنی حسرت پوری کرنا چاہتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر 2026 سے شروع ہوگا، جبکہ راجیہ سبھا کی کارروائی 2 دسمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی 3 دسمبر کو ختم ہو سکتی ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے 26 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق یہ اجلاس پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کی کارروائی کا ہی تسلسل ہوگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
