کورونا: راج ناتھ نے وزارت دفاع کی تیاریوں کا جائزہ لیا

راج ناتھ سنگھ نے محکمہ دفاع کو سبھی تنظیموں، مرکزی وزارت صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ تال میل بناتے ہوئے کورونا کی وجہ سے پیدا حالات سے نمٹنے کے لئے تعاون کرنے کی ہدایت دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کےلئے قومی سطح پر چلائی جانے والی مہم کے پیش نظر وزارت دفاع کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور افسران سے انتطامیہ کی مدد کے لئے تیار رہنے کو کہا۔ کورونا کی وبا کی وجہ سے ملک بھر میں 21 دن کا مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اور حکومت نے لوگوں سے گھروں میں ہی رہنے کو کہا ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے یہاں مسلح افواج اور وزارت کے سینئر افسران کے ساتھ کورونا سے نمٹنے کے لئے وزارت کی حکمت عملی پربحث کی۔ انہوں نے مسلح افواج اور وزارت کے افسران سے بحران کی اس گھڑی میں حکومت اور انتظامیہ کی مدد کے لئے پوری طرح تیار رہنے کو کہا۔


افسران نے وزیر دفاع کو وزارت اور افواج کے ذریعہ کیے گئے کاموں اور مدد کی معلومات دی۔ مسلح افواج نے انفیکشن سے متاثر ممالک سے لائے گئے ہندوستانیوں کو اپنے قرنطینہ مراکز میں رکھا ہے۔فضائیہ نے ہندوستانیوں کو لانے کے لئے چین، جاپان اور ایران جیسے ملکوں میں پروازیں بھری ہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے ان کی ستائش کرتے ہوئے قومی مہم میں مدد کےسلسلے کو جاری رکھنے کو کہا۔ مسلح افواج کے قرنطینہ مرکزوں میں اب تک 1462 لوگوں کو لایا گیا ہے جن میں سے 389 کو ان کے گھروں میں بھیجا جاچکا ہے جبکہ 1073 کی مانیسر، ہنڈن، جیسلمیر، جودھپور اور ممبئی میں واقع قرنطینہ مراکز میں دیکھ بھال جاری ہے۔ اس کے علاوہ 950 بستروں والے قرنطینہ مراکز ہنگامی صورت سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔


دفاعی تحقیقی و ترقی تنظیم ڈی آر ڈی او نے 20000 لیٹر سینیٹائزر بنایا ہے جس میں سے دس ہزار لیٹر دہلی پولیس اور دیگر تنظیموں کو دیا گیا ہے۔ اس نے دہلی پولیس کو دس ہزار ماسک بھی دیئے ہیں۔ وہ کچھ کمپنیوں کےساتھ مل کر انفرادی تحفظ کے آلات اور وینٹیلیٹر بنانے پر غور کر رہی ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے محکمہ دفاع کو سبھی تنظیموں، مرکزی وزارت صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ تال میل بناتے ہوئے کورونا کی وجہ سے پیدا حالات سے نمٹنے کے لئے تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں چیف آف ڈفینس اسٹاف جنرل بپن راوت، دفاعی سکریٹری، تینوں افواج کے سربراہان اور دیگر اعلی افسران نے بھی حصہ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔