کورونا وائرس: سیاسی جماعتیں معاشرتی فاصلے کا خیال نہیں رکھ رہیں... ممتا بنرجی

۔ زیر اعلی نے کہا کچھ لوگ وبائی قانون پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ میں ان سے کہوں گی کہ آپ کو سیاست کرنے کا بہت وقت ملے گا اور ہمیں بھی مل جائے گا۔ اس لئے اس وقت لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ ایک طرف کورونا وائرس کا انفیکشن بڑھ رہا تو دوسری طرف سیاسی جماعتیں وبا قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، اس کی وجہ سے کورونا وبا خطرناک حد تک پھیل سکتا ہے۔

بنگال میں تہوار کے موسم میں کورونا انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اس صورت حال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کورونا کے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، لیکن کورونا انفیکشن کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ درگا پوجا کے دوران پوجا کمیٹیوں نے عدالت کے احکامات پر صحیح سے عمل نہیں کیا اور بھیڑ بھاڑ پر قابو نہیں رکھا۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ درگا پوجا کو عقیدت سے منانے اور اصول پر عمل کرنے کے لئے پوجا کمیٹی، کلب مالکان کا شکریہ۔ پولیس انتظامیہ نے بھی ایک اچھا کام کیا ہے۔


وزیر اعلی ممتا بنرجی نے دعوی کیا ہے کہ اگرچہ ان کی حکومت نے ریاست میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں، لیکن مرکز کی طرف سے کوئی تعاون نہیں ملا ہے۔ دوسری جانب ممتا بنرجی نے بنگال کے دو روزہ دورہ کر رہے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا نام لئے بغیر کہا کہ بنگال تہذیب و شائشتگی کی ریاست ہے۔ یہاں کے عوام کبھی بھی باہری لوگوں کو برداشت نہیں کرتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت بنگال کی منتخب حکومت کے خلاف سازش کر رہی ہے۔

بانکوڑہ، مرشد آباد، ہوڑہ سمیت 10 مقامات پرآیوش صحت مراکز کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بانکوڑہ، پرولیا، مغربی مدنی پور، جھاڑگرام میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مدد کے بغیر ریاستی حکومت اپنے طور پر ترقیاتی کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر صحیح سے ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 لاکھ کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ دیہی علاقوں کی سڑکوں پر بڑی گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ 100 دن کام کی اسکیم کو صحیح سے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ ورچوئل میٹنگ کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں۔ 100 دن کام کے تحت غیر مقیم مزدوروں کو زیادہ دنوں کا کام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں انہیں لگایا جائے۔


وزیرا علیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ تہواروں کو عقیدت سے منائیں مگر کورونا انفیکشن کا خطرہ برقرار ہے اس لئے معاشرتی فاصلے کا خیال رکھیں۔ زیر اعلی نے کہا کچھ لوگ وبائی قانون پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ میں ان سے کہوں گی کہ آپ کو سیاست کرنے کا بہت وقت ملے گا اور ہمیں بھی مل جائے گا۔ اس لئے اس وقت لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

دوسری طرف وزیر اعلی نے آلو اور پیاز کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہ سب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے حقوق کو چھین لیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے ہمارے ہاتھ کچھ نہیں اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔