بہار انتخاب: آخری مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر ختم، سبھی پارٹیوں نے لگایا پورا زور

بہار اسمبلی انتخاب میں تیسرے اور آخری مرحلہ کی ووٹنگ والے علاقوں میں جمعرات کی شام انتخابی تشہیر کا عمل ختم ہو گیا۔ آخری دن انتخابی تشہیر کو لے کر سبھی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت لگا دی ہے۔

تصویر وکی پیڈیا
تصویر وکی پیڈیا
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب میں تیسرے اور آخری مرحلہ کے ووٹنگ والے علاقوں میں جمعرات کی شام انتخابی تشہیر کا عمل اختتام پذیر ہو گیا۔ آخری دن انتخابی تشہیر کو لے کر سبھی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت لگا دی۔ انتخابی میدان میں این ڈی اے کی جانب سے بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا، بہار بی جے پی انچارج بھوپیندر یادو، مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ بھی انتخابی تشہیر کے لیے بہار پہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ این ڈی اے نے تشہیری مہم میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار، جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بابو لال مرانڈی سمیت اداکار دنیش لال یادو نرہوا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے، وہیں مہاگٹھ بندھن کی جانب سے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو سمیت کئی لیڈر انتخابی ریلی کر رہے ہیں۔


بہار اسمبلی انتخاب کے تیسرے مرحلہ میں 7 نومبر کو 78 سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ اس مرحلہ کے انتخاب میں 12 وزراء سمیت کئی قد آوروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔ سپول سے بجیندر پرساد یادو مدھے پورہ سے نریندر نارائن یادو، کیوٹی سے آر جے ڈی لیڈر عبدالباری صدیقی، بوچہا سے رمئی رام، سہرسہ سے لولی آنند سمیت کئی سینئر لیڈر انتخابی میدان میں ہیں۔ اس مرحلہ میں 1204 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔

بہار کے انتخابی میدان میں این ڈی اے سے سیدھی ٹکر اپوزیشن پارٹی کے مہاگٹھ بندھن سے مانی جا رہا ہے۔ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے میں جے ڈی یو، ہندوستانی عوام مورچہ، وکاس شیل انسان پارٹی شامل ہیں جب کہ مرکز میں این ڈی اے کی معاون ایل جے پی بہار میں الگ ہو کر انتخابی میدان میں ہیں۔ اِدھر مہاگٹھ بندھن میں آر جے ڈی، کانگریس اور بایاں محاذ پارٹی شامل ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ بہار میں اسمبلی کی 243 سیٹوں کے لیے تین مراحل میں انتخاب ہونا مقرر پایا تھا جس کے تحت پہلے مرحلہ کے لیے 28 اکتوبر کو 71 سیٹوں پر اور دوسرے مرحلہ میں 3 نومبر کو 94 سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ 7 نومبر کو تیسرے مرحلہ کے لیے ووٹنگ ہونی ہے اور 10 نومبر کو ووٹ شماری کا عمل ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔