کورونا ٹیکہ کاری: دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے شروع، جانیں کون ہوگا اہل اور رجسٹریشن کس طرح کریں؟

45 سال سے 60 سال کے درمیان لوگوں کو بھی ویکسین سپلیمنٹس دیئے جائیں گے، لیکن اس عمر گروپ میں صرف وہی افراد ہوں گے جو پہلے ہی کسی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں

کورونا ویکسین / تصویر یو این آئی
کورونا ویکسین / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یکم مارچ سے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف ٹیکہ کاری (ویکسینیشن) کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس مرحلہ کی ویکسینیشن کے دوران 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ٹیکہ لگایا جائے گا۔ اگرچہ 45 سال سے 60 سال کے درمیان کے لوگوں کو بھی ٹیکہ دیا جائے گا، تاہم اس عمر کے زمرے والے صرف ان افراد کو ویکسین مل سکے گی، جو پہلے ہی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں۔

یکم مارچ سے شروع ہونے والی ویکسینیشن کے لئے اندراج سب سے اہم ہے اور یہ تین طریقوں سے کیا جا سکتا ہے۔ پہلا طریقہ خود اندراج ہے۔ آپ کو-ون (Co-WIN 2.0) اپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر کے یا آروگیا سیٹو ایپ کے ذریعے 28 فروری کے بعد اندراج کر سکتے ہیں۔ حکومت فی الحال کو-ون ایپ کو اپ ڈیٹ کر رہی ہے۔ ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد آپ کو اس میں سرکاری اور نجی کووڈ ویکسین مراکز نظر آئیں گے۔ اس میں آپ کو نظام الاوقات اور دیگر اہم معلومات نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ آپ ان سائٹ پر رجسٹریشن یعنی ویکسین سینٹر میں جا کر بھی اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ یہ سہولت ان لوگوں کے لئے ہے جن کے پاس اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ نہیں ہے۔ جو لوگ پیشگی رجسٹریشن نہیں کرا سکے انہں بھی یہ سہولت حاصل ہوگی۔


اس کے علاوہ ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بھی کچھ لوگوں کا ویکسینیشن کے لیے اندراج کیا جائے گا۔ ان لوگوں کا انتخاب انتظامیہ کی طرف سے کیا جائے گا اور اس میں آشا، اے این ایم ورکرز، پنچایت راج کے نمائندے اور خواتین کے خود مدد گروپ شامل ہوں گے۔

کرونا ویکسین کی خوراک لینے والے افراد کو اپنے ساتھ فوٹو آئی ڈی دستاویز پیش کرنا لازمی ہے۔ ان میں آدھار کارڈ اور ووٹر آئی ڈی کارڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 45 سال سے زیادہ عمر اور 60 سال سے کم عمر کے لوگوں کو ویکسین لینے کے لیے سنگین بیماری میں مبتلا ہونے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا، رجسٹرڈ ڈاکٹروں کے ذریعہ اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔


ویکسین کی پہلی اور دوسری (آخری خوراک) حاصل کرنے کے بعد مستفید افراد کے لئے ایک کیو آر کوڈ تیار کیا جائے گا۔ اسے ایم ایس ایم ایس لنک کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ ویکسین ڈوز حاصل کیے جانے کا سرٹیفکیٹ کووڈ ویکسین مراکز سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

سرکاری مراکز پر ویکسین کی خوراک مفت دستیاب کرائی جائے گی۔ تاہم، نجی اسپتالوں سے حاصل کی جانے والی خوراک کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ نجی اسپتالوں میں دی جانے والی ویکسین کے دام چند دنوں میں حکومت کی جانب سے طے کیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔