حج 2021: ہندوستانی عازمینِ حج کے ہاتھ اس سال بھی آ سکتی ہے مایوسی!

اس بات کی قوی گنجائش ہے کہ اس سال حج کیلئے محدود ہندوستانی عازمین کو موقع ملےاور یہ تعدادعام حج کے مقابلےپانچ گنا کم ہو ۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

محی الدین التمش

حج 2021 کیلئے عازمین حج کی روانگی کا معاملہ التوا کا شکار ہے۔ اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت سے ہندوستانی عازمین حج سرفراز ہو پائیں گے یا نہیں اس پر بھی ایک قسم کا سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔

حج قرعہ اندازی میں کوئی پیش رفت نہیں

مرکزی حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین حج کی قرعہ اندازی کا معاملہ بھی ابھی تک معلق ہے۔ جبکہ گذشتہ سال کے مقابلے اس سال قرعہ اندازی میں دو سے ڈھائی ماہ کی دیری ہوچکی ہے ۔ سال 2020 کے حج کیلئے ماہ فروری کے آخر تک منتخب عازمینِ حج نے پہلی قسط کی رقم جمع کروادی تھی ۔


عازمین حج کنفیوژن کا شکار

اس سال حج 2021 کیلئے درخواست فارم بھرنے والے عازمین حج کنفیوژن کا شکار ہیں ۔ حج کمیٹی اور حکومت کی جانب سے کوئی اطلاع موصول نہ ہونے کے سبب عازمین حج سفر کیلئے تیاریاں کریں یا نہ کریں اس تعلق سے انہیں واضح جواب موصول نہیں ہوپارہا ہے۔واضح رہے کہ اس سال مرکزی حج کمیٹی کو 58 ہزار درخواست فارم موصول ہوئے ہیں جو عام حج کے مقابلے پانچ گنا کم ہیں۔

بائی لیٹر ایگریمنٹ نہیں ہوا

ہندوستانی عازمین حج کی روانگی سے قبل سعودی حکومت اور وزارت اقلیتی امور حکومت ِ ہند کے درمیان اعلیٰ سطحی دو طرفہ معائدہ ابھی تک نہیں ہوپایا ہے۔


20 سے 25 ہزار عازمین حج کی روانگی کا امکان

ہندوستانی سفارت خانہ ریاض سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق کورونا وباء کے پیشِ نظراس سال 20 سے 25 ہزار ہندوستانی عازمین حج کو ہی حج کی سعادت نصیب ہوسکتی ہے ۔

گزشتہ دنوں ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب اوصاف سعید نے سعودی وزیر برائے حج سے ملاقات کی تھی ۔ ذرائع کے مطابق سعودی حکام نے واضح کیا ہےکہ ابھی بیرونی عازمین حج کے متعلق سعودی حکومت کسی بھی نتیجے پر نہیں پہنچی ہے ۔ اگر اس سال بیرونی عازمین حج کو سفر حج کی اجازت دی جاتی ہے تو اس کا اعلان چند ہفتوں میں متوقع ہے۔ واضح رہے کہ مملکت سعودیہ عربیہ میں 17 مئی تک لاک ڈاؤن عائد رہنے کی اطلاع ہے۔


عازمین حج کو سفر حج کیلئے تیار رہنے کی اپیل

مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکیٹو افسر مقصود احمد خان نے درخواست فارم پر کرنے والے تمام ہندوستانی عازمین سے سفر حج کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ مقصود خان نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سعودی حکومت کی جانب سے ابھی تک حکومتِ ہند کے ساتھ حج کے متعلق کوئی باہمی معائدہ نہیں ہوا ہے۔ لیکن اس بات کی قوی گنجائش ہے کہ اس سال حج کیلئے محدود ہندوستانی عازمین کو موقع ملے۔ حج کمیٹی کے پاس وقت کم بچا ہے لیکن اس کے باوجود حج کمیٹی عازمین حج کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کمر بستہ ہے۔ واضح رہے کہ عازمین کی یہ تعداد عام حج کے مقابلے پانچ گنا کم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Feb 2021, 8:40 AM
/* */