کورونا ٹیکہ کاری مہم گھرگھرچلائی جائے: مہاراشٹر کانگریس

نانا پٹولے نے وزیر اعلیٰ کو تحریر کردہ مکتوب میں کہا کہ کورونا کی روک تھام کیلئے حکومتی نظام ہرسطح پر مضبوطی کے ساتھ کام کررہا ہے، لیکن دنیا بھر میں ویکسینیشن ہی ایک موثر ہتھیار کے طور پر سامنے آیا ہے

مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے / تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ANI
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے / تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ANI
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: کووڈ 19 کے بڑھتے معاملات اور اموات کے مدِ نظر مہاراشٹر پردیس کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے آج ریاست کے وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا ویکسین گھرگھر دینے کا انتظام کیا جائے کیونکہ حکومت کی جانب سے عائد سخت پابندیوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کیلئے ویکسینیشن مراکز تک پہونچنا مشکل ہورہا ہے، لہٰذا لوگوں کیلئے ویکسین گھر پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔

ریاستی صدر نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ مختلف ممالک میں کیے گئے ویکسینیشن سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں ویکسینیشن نہایت کارآمد ثابت ہورہا ہے۔ مہاراشٹر میں بھی بڑے پیمانے پر ویکسین دینے کی مہم شروع کی گئی ہے، لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے عائدسخت پابندیوں کی وجہ سے عام لوگوں کو ویکسینیشن سینٹر پر جاکر ویکسین لینے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ دیہی علاقوں میں چونکہ ویکسین دینے کے مراکز کی تعداد کم اور دور دور ہیں، اس لیے لوگوں کو وہاں تک پہونچنے میں مزید مشکل پیش آتی ہے۔ یکم مئی کے بعد جب 18سال سے زائد عمر کے تمام لوگوں کو ویکسین دیاجاناشروع کیا جائے گا تو اس وقت ویکسین دینے کے مراکز پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوسکتی ہے جس سے اس وبا کے پھیلنے کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کے دوران ان تمام ممکنہ پریشانیوں سے محفوظ رہنے کے لیے ریاستی حکومت گھر گھر جاکر لوگوں کو ویکسین دینے کی مہم شروع کرنا چاہیے۔


ناناپٹولے نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے حکومتی نظام ہرسطح پر مضبوطی کے ساتھ کام کررہا ہے، لیکن اس وبا پر قابو پانے میں دنیا بھر میں ویکسینیشن ہی ایک موثر ہتھیار کے طور پر سامنے آیا ہے۔ امریکہ، برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک اور سمیت دیگر ممالک نے بھی بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کی مہم چلائی جس کی وجہ ان ممالک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد قابومیں آگئی ہے۔ مہاراشٹر نے ویکسین دینے میں زبردست برتری حاصل کرتے ہوئے 1/کروڑ سے زائد لوگوں کو ویکسین دیا ہے۔ اس بات کے پیشِ نظر ٹیکہ کاری کی اس مہم کے لیے بڑی تعداد میں افرادی قوت کی بھی ضرورت درکار ہوگی ،اس کام کے لیے سرکاری ہیلتھ سسٹم کے ساتھ ہی پرائیویٹ اسپتالوں کے عملوں اور غیرسرکاری تنظیموں کی بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔جس طرح پولیو کو ختم کرنے کے لیے ملک گیر مہم چلائی گی تھی، اسی نہج پر اگر کوورنا کی ویکسین بھی گھرگھر جاکر دی جائے تو کورونا پر قابو پانے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔