مدھیہ پردیش: مزدوروں کے ساتھ دوبارہ دردناک حادثہ، ٹرک پلٹنے سے 5 کی موت، 11 زخمی

ضلع مجسٹریٹ دیپک سکسینہ نے بتایا کہ آم سے لدے ٹرک میں دو ڈرائیور اور ایک ہیلپر سمیت 18 افراد سوار تھے، پاٹھا گاؤں کے قریب ٹرک کے اچانک پلٹنے سے 5 مزدوروں کی موت ہو گئی اور 11 افراد زخمی ہو گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک میں کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے درمیان شہروں سے اپنے گھروں کے لئے واپس جا رہے مزدوروں کے ساتھ حادثے کا سلسلہ جاری ہے، مہاراشٹر کے اورنگ آباد کے بعد اب مدھیہ پردیش کے نرسنگه پور میں پاٹھا گاؤں کے قریب ٹرک پلٹنے سے 5 مزدوروں کی دردناک موت ہو گئی ہے، سبھی مزدور ایک ٹرک میں سوار ہو کر اترپردیش جا رہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسی دوران ٹرک پلٹ جانے سے یہ حادثہ رونما ہوا۔

بتایا جا رہا ہے کہ جس وقت حادثہ ہوا اس وقت ٹرک میں ڈرائیور اور ہیلپر سمیت 18 افراد سوار تھے، یہ لوگ حیدرآباد سے اترپردیش جا رہے تھے۔ لیکن اترپردیش پہنچنے سے پہلے ہی مدھیہ پردیش کے پاٹھا گاؤں کے قریب ٹرک پلٹ گیا، حادثے میں 5 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔


نرسنگه پور کے ضلع مجسٹریٹ دیپک سکسینہ نے بتایا کہ آم سے لدے ٹرک میں دو ڈرائیور اور ایک ہیلپر سمیت 18 افراد سوار تھے، پاٹھا گاؤں کے قریب ٹرک کے اچانک پلٹنے سے 5 مزدوروں کی موت ہو گئی اور 11 افراد زخمی ہو گئے، ضلع افسر دیپک سکسینہ نے بتایا کہ مزدور حیدرآباد سے اتر پردیش کے آگرہ جا رہے تھے۔


زخمیوں میں دو لوگوں کو جبل پور ریفر کیا گیا ہے، ان میں سے ایک کے سر میں چوٹ اور دوسرے کو فریکچر ہوا ہے، اس کے علاوہ دو دیگر افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، اس بات کی معلومات سول سرجن ڈاکٹر انیتا اگروال نے دی ہے، ان زخمی مزدوروں میں سے ایک کو کچھ دن سے سردی کھانسی تھی، اس لئے مرنے والوں سمیت سبھی کے کورونا سیمپل لے کر ٹسٹ کے لئے بھیج دیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل جمعہ کے روز مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں مزدوروں کے ساتھ دردناک حادثہ پیش آیا تھا، ریل کی پٹریوں پر سو رہے 16 تارکین وطن محنت کشوں کی ایک مال گاڑی کی زد میں آنے سے موت ہو گئی تھی، اورنگ آباد میں بدناپور-كرماڈ ریلوے اسٹیشن کے پاس سے جب ایک مال گاڑی گزر رہی تھی، تبھی سو رہے مزدوروں کو کچل دیا تھا۔ حادثے میں کئی مزدور زخمی بھی ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */