ممتا بنرجی کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کیلئے امت شاہ غلط بیانی کررہے ہیں:ترنمول کانگریس

مرکزی حکومت کی منشا ہے کہ ممتا بنرجی کی سیاسی طور پر شبیہ کو نقصان پہنچایا جائے

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ترنمول کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر غلط بیانی کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف ریاستوں سے 8ٹرینیں ورکروں کو لے کر بنگال آرہی ہیں۔وزارت داخلہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگال حکومت نے تارکین وطن وکروں کو لے کر آرہی ”شرمک اسپیشل ٹرین“ کو بنگال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ہے۔

ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیداری نے کہا کہ مرکزی حکومت جھوٹ بول رہی ہے، مختلف ریاستوں سے 8ٹرینیں مزدوروں کو لے کر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا صحیح نہیں ہے کہ ممتا بنرجی نے مزدوروں واپس آنے کی اجازت نہیں دی ہے۔کاکولی گھوش نے الزام عاید کیا کہ مرکزی حکومت کی منشا ہے کہ ممتا بنرجی کی سیاسی طور پر شبیہ کو نقصان پہنچایا جائے گا۔مرکز ممتا بنرجی کی مقبولیت کو ہضم کرنے کو تیار نہیں ہے اس لئے مسلسل ممتا بنرجی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔


کاکولی گھوش دستیدار نے کہا کہ کل مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں جو کچھ ہوا اس کیلئے کون ذمہ دار ہے۔16ورکروں کی موت کیلئے کون استعفیٰ دے گا۔کیا کوئی وزیر ریلوے سے استعفیٰ مانگ رہا ہے۔ ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ڈائمنڈ ہاربر سے ممبر پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ اپنے اس الزام کو ثابت کریں یا پھر معافی مانگیں۔امیت شاہ کے بیا ن کا حوالہ دیتے ہوئے بنرجی نے ٹوئیٹ کیا کہ امیت شاہ کو اپنے اس الزام کو ثابت کرنا چاہیے کہ ممتا بنرجی نے ورکروں کو لانے والی ٹرین کو داخل ہونے نہیں دیا ہے۔اگر امیت اس الزام کو ثابت نہیں کرتے ہیں تو انہیں اپنے جھوٹ پر معافی مانگنا چاہیے۔

ترنمول کانگریس نے کہا کہ ریاستی حکومت 31,224ورکروں کو کرناٹک، تمل ناڈو، پنجاب اور تلنگانہ سے واپس لانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔مرکزی وزارت ریلوے کے مطابق سنیچر کو 47ٹرینیں روانہ ہورہی ہے مگر ان میں سے کوئی بھی ٹرین مغربی بنگال نہیں جارہی ہے۔اب تک صرف دو ٹرین راجستھان اور کیرالہ سے روانہ ہوئی ہے۔


اس سے قبل امیت شاہ نے کہا تھا کہ بنگال تک ورکروں کو پہنچانے کیلئے ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت سے مرکزی حکومت کو کوئی تعاون نہیں مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال حکومت نے بنگال کے ورکروں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق بنگال میں کورونا وائرس کے 1,678 کیس سامنے آئے ہیں اور کورونا وائرس سے 160افراد کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔مرکزی حکومت مسلسل بنگال حکومت پر الزام لگارہی ہے کہ کورونا بحران پر قابو پانے کیلئے بنگال حکومت تعاون نہیں کررہی ہے اور کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور مرنے والوں کی تعداد بھی نہیں بتارہی ہے۔اس کی وجہ سے ریاست میں کورونا وائرس کی صحیح صورت حال سامنے ہیں آرہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔