کورونا انفیکشن: مرکزی وزیر صحت نے پھر کی اعلیٰ سطحی میٹنگ، ریاستوں کو ’ٹی-3‘ فارمولہ اختیار کرنے کا دیا مشورہ

میٹنگ کے بعد مرکزی وزارت صحت نے گائیڈلائن جاری کی ہے، اس میں مرکزی سکریٹری برائے صحت راجیش بھوشن نے ریاستوں کو چٹھی لکھ کر آنے والے دنوں میں خاص احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

منسکھ منڈاویا، تصویر آئی اے این ایس
منسکھ منڈاویا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن کے بڑھتے خدشات کے درمیان آج ایک بار پھر مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ ہندوستان میں اومیکرون کے سَب ویریئنٹ بی ایف 7 کے چار کیسز سامنے آ چکے ہیں اس لیے مرکزی حکومت نے ریاستوں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی صلاح پہلے ہی دے دی ہے۔ اب مرکزی وزیر صحت نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریاستوں کے وزرائے صحت کے ساتھ میٹنگ کی اور کورونا انفیکشن کی روک تھام سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا۔

جمعہ کے روز ہوئی اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد مرکزی وزارت صحت نے گائیڈلائن بھی جاری کی ہے۔ اس میں مرکزی سکریٹری برائے صحت راجیش بھوشن نے ریاستوں کو چٹھی لکھ کر آنے والے دنوں میں خاص احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ کئی تہوار آ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مرکزی حکومت نے ’ٹی-3‘ فارمولہ اختیار کرنے کی ہدایت ریاستوں کو دی ہے۔ ٹی-3 فارمولہ سے مراد ’ٹیسٹنگ، ٹریٹمنٹ اور ٹریسنگ‘ ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے ریاستوں کو ان تین چیزوں پر زور دینے کی صلاح دی ہے۔ ریاستوں کو یہ یقینی بنانے کے لیے بھی کہا گیا ہے کہ سبھی لوگ کورونا کی احتیاطی خوراک لیں۔ لوگوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔


واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی 22 دسمبر کو اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تھی جس میں کورونا سے مقابلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی موجود تھے۔ مرکزی وزیر صحت نے تو 21 دسمبر کو بھی سرکردہ افسران کے ساتھ کورونا معاملے پر میٹنگ کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */