کورونا کی دہشت کے درمیان ’نیزل ویکسین‘ کو مودی حکومت نے دی منظوری، پہلے پرائیویٹ اسپتالوں میں ہوگا دستیاب

نیزل ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کے لیے مرکز کی طرف سے منظوری دے دی گئی ہے، یہ بوسٹر خوراک کے طور پر لگائی جا سکے گی، فیصلہ کے مطابق نیزل ویکسین پہلے پرائیویٹ اسپتالوں میں دستیاب ہوگی۔

نیزل اسپرے، تصویر آئی اے این ایس
نیزل اسپرے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چین سمیت کئی ممالک میں کورونا کا دھماکہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بڑھتے کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند الرٹ موڈ پر ہے۔ اس درمیان مرکزی حکومت نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں نیزل ویکسین یعنی ناک میں دی جانے والی دوا کو ایمرجنسی استعمال کے لیے منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ بوسٹر خوراک کے طور پر لگائی جا سکے گی۔ فیصلہ کے مطابق نیزل ویکسین پہلے پرائیویٹ اسپتالوں میں دستیاب ہوگی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ انٹرانیزل ویکسین وسیع طور سے قوت مدافعت کے عمل کو متحرک کرنے میں مددگار ہوگی۔ سارس-کوو-2 جیسے کئی وائرس عام طور پر میوکوسا کے ذریعہ سے جسم میں داخل ہوتے ہیں۔ یہ ناک میں موجود ایک ٹشو ہے۔ وائرس میوکوسل جھلی میں موجود خلیات اور مالیکیولز کو متاثر کرتے ہیں۔ ایسے میں نیزل شاٹ کے ذریعہ سے وائرس کو جسم میں داخل ہونے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔


بھارت بایوٹیک کے ذریعہ شیئر کی گئی جانکاریوں کے مطابق یہ نیزل ویکسین اب تک استعمال میں لائی جا رہی دیگر ویکسین سے کافی الگ اور اثردار ہے۔ کچھ باتیں اسے بے حد خاص بناتی ہیں۔ یہ ویکسین چونکہ ناک کے ذریعہ سے دی جاتی ہے، اس لیے اب تک دی جا رہی ویکسین سے الگ ہے۔ اس سے انجکشن دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسے استعمال میں لانا بھی آسان ہے اور گھر پر بھی رکھا جا سکے گا۔ اس کے لیے تربیت یافتہ طبی اہلکاروں کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ بچوں اور بڑوں کے لیے خاص طور پر یہ مناسب ہے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ وائرس کو جسم میں داخل کرنے سے پہلے ہی مارنے کی صلاحیت والی ہے۔ ایسے میں اس سے جسم کے اعضا کو ہونے والے مسائل کا جوکھم نہیں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔