کورونا بحران، جموں و کشمیر کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں: منوج سنہا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ہم کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے اہل ہیں۔

منوج سنہا، تصویر یو این آئی
منوج سنہا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ انتظامیہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی اہل ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر کے عہدیداروں اور رضاکاروں کے ساتھ منعقدہ ایک ورچول میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد اپنے آفشیل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہی۔ انہوں نے لکھا کہ 'جموں و کشمیر کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ہم کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے اہل ہیں'۔

لیفٹیننٹ گورنر نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ جموں و کشمیر میں آکسیجن کی سپلائی ضرورت سے دو گنی زیادہ دستیاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'کئی آکسیجن جنریشن پلانٹوں کو چالو کیا گیا ہے اور باقی پلانٹ بھی بہت جلد چالو کیے جائیں گے۔ ہمارے پاس آکسیجن سپلائی ضرورت سے دو گنی زیادہ ہے'۔ دریں اثنا ایک سرکاری ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے اہم کردار ادا کرنے کا اعتراف کیا اور رضاکاروں کی بے لوث خدمت اور عوام کے لئے سرشار خدمت پر ان کی تعریف کی۔


لیفٹینٹ گورنر نے ویکسینیشن مہم کو تیز کرنے اور کووڈ وبا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے حکومت کی کوششوں کو تکمیل تک پہنچانے کے ان کے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی تعاون کی کوششوں سے ہم وبائی امراض میں مبتلا افراد کی مدد کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے آئی آر سی ایس سے کہا کہ وہ اپنی انسانی ہمدردی کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور لوگوں خصوصاً دور دراز علاقوں میں رہنے والے ضرورتمندوں تک ضروری اشیاء کھانا، طبی امداد اور دیگر اشیاء فراہم کرنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔

کووڈ وبائی امور کے حوالے سے معلومات کے پھیلاؤ پر زور دیتے ہوئے لیفٹینٹ گورنر نے آئی آر سی ایس اور اس کے رضا کاروں سے کہا کہ لوگوں کو کووڈ کے تمام رہنما خطوط کے بارے میں آگاہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے لوگ غلط فہمی پھیلا رہے ہیں جن کا حقائق سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں جنرل سیکرٹری انڈین ریڈ کراس سوسائیٹی جے اینڈ کے کفایت حسین رضوی نے کووڈ کی وبائی امراض کے دوران آئی آر سی ایس کے ذریعہ کی جا رہی سرگرمیوں کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ پیش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔