’کورونا بحران ابھی ختم نہیں ہوا، اس وقت احتیاط ہی واحد علاج‘

راجستھان کے وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما نے کہا کہ ’’موجودہ دور میں ریاستی حکومت نے صحت کے شعبے کو سب سے زیادہ ترجیح دی ہے۔‘‘

رگھو شرما، تصویر آئی اے این ایس
رگھو شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے وزیر ڈاکٹر رگھو شرما نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کم ہونے کے باوجود کووڈ پروٹوکول کو اپناتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کورونا وائرس کے ممکنہ تیسری لہر سے بچاؤ کی ہر ممکن کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ ڈاکٹر شرما نے یہ بات آج ضلع سری گنگانگر کے سادول شہر اسمبلی حلقہ میں واقع فتوہی (شیو پور) میں 30 بستروں پر مشتمل کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے ورچوول افتتاح کے موقع پر کہی۔

ڈاکٹر شرما نے کہا کہ ابھی تک کورونا کا بحران ٹلا نہیں ہے، احتیاط ہی واحد علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ان کو اے ، بی اور سی کیٹیگری میں رکھتے ہوئے ریاست کے 400 کمیونٹی مراکز کو مستحکم کر رہی ہے۔ ان مراکز میں آئی سی یو بیڈ، مرکزی آکسیجن پائپ لائنز، آکسیجن سلینڈر، آکسیجن کنسنٹریٹرز، کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والی ضروری دوائیں بھی فراہم کی جائیں گی۔


ڈاکٹر شرما نے بتایا کہ ریاست میں آکسیجن کی کمی کو دور کرنے کے لئے این ایچ ایم اور خود مختار سرکاری محکمہ کی طرف سے بڑے پیمانے پر آکسیجن پلانٹ اور مائع آکسیجن پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ طبی اداروں میں 18000 کنسنٹریٹرز لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ دورمیں ریاستی حکومت نے صحت کے شعبے کو سب سے زیادہ ترجیح دی ہے۔ چیف منسٹر فری میڈیسن اسکیم اور ریاستی حکومت کے آخری دور میں فراہم کردہ وزیر اعلی مفت جانچ اسکیم نے ملک بھر میں ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر اعلی چرنجیوی سواستھیا بیمہ یوجنا کے ذریعہ ضرورت مندوں کو پانچ لاکھ روپے کی بیمہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔