ہندوستان میں کورونا کی تباہی، ریکارڈ 28637 نئے معاملے درج، مزید 551 ہلاکتیں

انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے معاملات میں یہ راحت کی بات ہے کہ صحت مند افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 19235 مریض ٹھیک ہوگئے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کورونا انفیکشن کے روزانہ کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور پچھلے 24 گھنٹوں میں ساڑھے 28 ہزار سے زیادہ معاملے درج کیے گئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد قریب 8.50 لاکھ ہوگئی ہے۔ اتوار کے روز مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا انفیکشن کے 28637 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جو ایک دن میں سب سے زیادہ ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 849553 رہی ہے۔ پچھلے تین دن سے 26 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ہفتے کے روز 27114 اور جمعہ کو 26506 نئے کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے معاملات میں یہ راحت کی بات ہے کہ صحت مند افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 19235 مریض ٹھیک ہوگئے ہیں، جنہیں ملاکر اب تک کُل 534621 افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوگئے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 292258 فعال کیسز ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 551 اموات ہونے سے اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22674 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے سب سے زیادہ 8139 نئے معاملے ریکارڈ ہوئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 246600 ہوگئی۔ اس عرصے کے دوران ریاست میں 223 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 10116 ہوگئی ہے۔ وہیں 136985 افراد انفکشن سے ٹھیک ہوئے ہیں۔


انفیکشن کے معاملے میں دوسرے نمبر پر تمل ناڈو میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، متاثرین کی تعداد 3965 بڑھ کر 134226 ہوگئی ہے اور اسی مدت کے دوران 69 افراد کی موت ہونے سے یہ تعداد بڑھ کر 1898 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 85915 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے حالت اب کچھ کنٹرول میں ہیں اور یہاں انفیکشن کے معاملات میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دارالحکومت میں اب تک 110921 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 3334 ہوگئی ہے۔ یہاں 87692 مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔

ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ۔19 کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے، لیکن مرنے والوں کی تعداد میں یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزارکو پار کر چکی ہے اور اب تک 40941 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2032 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 28649 افراد بھی اس مرض سے بازیاب ہوئے ہیں۔


جنوبی ریاست کرناٹک میں 36216 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 613 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ریاست میں بھی 14761 افراد بازیاب ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک کورونا انفیکشن کے 35092 معاملے رپورٹ ہوئے ہیں اور وائرس سے 913 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 22689 مریض ٹھیک ہوگئے ہیں۔ ایک اور جنوبی ریاست تلنگانہ میں کورونا انفیکشن کے معاملات بھی بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 33402 تک پہنچ چکی ہے اور 348 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 20919 افراد اب تک اس وبا سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔

مغربی بنگال میں 28453 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 906 افراد ہلاک اور 17959 افراد اب تک بازیاب ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے وہ سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی فہرست میں راجستھان سے اوپر چلا گیا ہے۔ ریاست میں 27235 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 309 ہوگئی ہے۔ راجستھان میں بھی کورونا انفیکشن کی تعداد 23748 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 503 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 17869 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 20582 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 297 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔


اس وباء میں مدھیہ پردیش میں 644، پنجاب میں 195، جموں وکشمیر میں 169، بہار میں 131، اوڈیشہ میں 61، اتراکھنڈ میں 46، آسام میں 35، کیرالہ میں 29، جھارکھنڈ میں 23، پدوچیری میں 18، چھتیس گڑھ میں 17، گوا میں 12 افراد، ہماچل پردیش میں 11، چنڈی گڑھ میں سات، اروناچل پردیش، میگھالیہ اور تریپورہ میں دو اور لداخ میں ایک کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔