حیدرآباد: اسپتال سے فرار کورونا متاثر خاتون 50 کلومیٹر سفر پیدل طے کرنے کے بعد گرپڑی

فرار خاتون کا پتہ ضلع کے اوروا کونڈہ بس اسٹیشن کے قریب چلا۔ پولیس نے کہا کہ یہ 55 سالہ خاتون چند روز قبل اسپتال میں داخل کروائی گئی تھی۔ لیکن اسپتال میں داخل کروانے کے بعد سے ہی وہ کافی خوفزدہ تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے سرکاری اسپتال سے مبینہ طورپر فرار کووڈ-19سے متاثرہ خاتون مریض کا جمعرات کو پتہ چلا۔ یہ خاتون منگل کو اسپتال سے چلی گئی تھی۔ اس نے تقریباً 50 کلومیٹر کا سفر طے کیا اور ضلع کے اوروا کونڈہ پہنچ کر گر گئی۔

اس خاتون کا پتہ ضلع کے اوروا کونڈہ بس اسٹیشن کے قریب چلا۔ پولیس نے کہا کہ یہ 55 سالہ خاتون چند دن قبل اسپتال میں داخل کروائی گئی تھی۔ اسپتال میں داخل کروانے کے بعد سے ہی وہ کافی خوفزدہ تھی۔ بعد ازاں، خاتون اسپتال سے فرار ہو گئی اور اپنے مکان جانے کے لئے بس میں سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس نے بس میں سفر کرنے کا ارادہ ترک کر دیا اور پیدل ہی 50 کلومیٹر کا سفر کرتے کرتے ہوئے اوروا کونڈہ پہنچ گئی۔


خاتون بس کے انتظار میں سڑک پر ٹھہر گئی اور اچانک گر پڑی۔ مقامی افراد نے اس کو دیکھا اور اس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ یہ خاتون اسپتال سے فرار ہو گئی تھی۔ راہگیروں نے 108ایمبولنس کو طلب کیا تاہم بروقت یہ ایمبولنس نہیں پہنچ پائی جس کے بعد عہدیداروں نے اس کو دوسری گاڑی میں اسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ اس خاتون کی حالت مستحکم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Jul 2020, 3:34 PM