ایودھیا میں ’فلمی رام لیلا‘ پر تنازعہ، نمائش روکنے کا مطالبہ

ایودھیا میں تقریباً 100 سرکردہ سَنتوں نے منگل کے روز ایودھیا میں بڑا بھکت مال مندر میں ملاقات کی اور ’غیر اخلاقی رام لیلا‘ پر پابندی لگانے کے لیے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا میں ہونے والی فلمی ’رام لیلا‘ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ ایودھیا کے ہنومان گڑھی مندر کے مہنت دھرم داس کی قیادت میں کئی سَنتوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ اداکاروں کو رام لیلاؤں میں کردار نبھانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے کیونکہ ان کے پاس ’اخلاقی اور مذہبی ڈسپلن‘ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ رام لیلاؤں میں اداکاری کرنے والے اداکار اپنی زندگی میں سخت ڈسپلن پر عمل کرتے ہیں اور لوگ آشیرواد لینے کے لیے ان کے سامنے جھکتے ہیں۔

ملی جانکاری کے مطابق ایودھیا کے تقریباً 100 اہم سَنتوں نے منگل کے روز ایودھیا میں ایک اہم ہندو مذہبی مقام بڑا بھکت مال مندر میں ملاقات کی اور ’غیر اخلاقی رام لیلا‘ پر پابندی لگانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ مہنت دھرم داس نے کہا کہ ’’ایودھیا میں رام لیلا کی ایک خصوصی روایت ہے۔ روایتی رام لیلا میں بھگوان رام، ماتا سیتا اور دیگر کردار نبھانے والے اداکاروں کی لوگ عزت کرتے ہیں۔ ہم ان کے سامنے جھکتے ہیں۔ ہم مذہبی ڈسپلن پر عمل نہیں کرنے والے بالی ووڈ اداکاروں کا آشیرواد نہیں لے سکتے ہیں۔‘‘


بڑا بھکت مال مندر کے اہم پجاری مہنت اودھیش داس شاستری نے کہا کہ ’’ہم ایودھیا میں رام لیلا میں کردار نبھانے والے ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کر سکتے۔ وہ شراب نوشی کرتے ہیں، گوشت کھاتے ہیں اور غیر اخلاقی رسوم میں ملوث ہوتے ہیں۔‘‘ بڑا استھان مندر کے اہم پجاری مہنت جنمیجے شرن نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ رام لیلا میں ’سناتن مذہب‘ کو اہمیت دی جائے۔ ہم ہندو مذہب کو تباہ کرنے والی فلمی ہستیوں کو نہیں چاہتے ہیں۔‘‘

ہندو پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مہنت پون کمار داس شاستری نے بتایا کہ ’’گزشتہ سال جب بالی ووڈ اداکاروں نے رام لیلا کو اسٹیج کیا تھا، تو انھوں نے اسٹیج پر ’مغل شیروانی‘ اور چمڑے کے جوتے پہنے تھے۔ اتنی فحش پوشاک میں کوئی کیسے اداکاری کر سکتا ہے؟‘‘


دوسری طرف ایودھیا رام لیلا کمیٹی نے منگل کے روز سریو ساحل پر بھومی پوجن کیا اور ریاست کے وزیر قانون برجیش پاٹھک کی موجودگی میں ستاروں سے سجی رام لیلا کا رسمی اعلان کیا۔ رام لیلا پروگرام کے ڈائریکٹر سبھاش ملک نے کہا کہ بھاگیہ شری ملٹی اسٹارر رام لیلا میں سیتا کا کردار نبھائیں گی، جب کہ دیگر اداکاروں میں اداکار ارباز خان، رضا مراد، اوتار گل، بندو دارا سنگھ بھی شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔