دہلی میں سازش کے تحت ہنگامہ کرایا گیا: کسان تنظیم

کسان رہنماؤں نے کہا کہ دہلی میں ہنگامہ کسانوں میں شامل کسان تنظیموں کے اتحاد کو ختم کرنا ہی نہیں بلکہ تحریک کو اصل بات سے گمراہ کرنے کی بھی سازش ہے لیکن سبھی کسان تنظیمیں ابھی بھی متحد ہیں۔

کسان ٹریکٹر پریڈ / IANS
کسان ٹریکٹر پریڈ / IANS
user

یو این آئی

سری گنگا نگر: کسان تنظیموں نے الزام لگایا ہے کہ تین نئے زرعی قوانین کو واپس لئے جانے کے مطالبے پر چل رہی کسانوں کی تحریک کے تحت 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی نکالے جانے کے دوران دہلی میں سازش کے تحت ہنگامہ کروایا گیا تاکہ کسان تحریک کو بدنام کرکے اس کے لیڈروں کو مورد الزام ٹھہرایا جا سکے۔

راجستھان میں سری گنگا نگر کے پنچایتی دھرم شالہ میں آج منعقد پریس کانفرنس میں اکھل بھارتیہ کسان سبھا کے سینئر لیڈر رویندر ترکھان، رچھپال پنو، جے کسان تحریک کے رمن رندھاوا، کسان آرمی کے ستیہ رتیوال، کسان سنگھرش سمیتی کے صدر امر سنگھ بشنوئی، ترجمان سبھاش سہگل، ایڈووکیٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر وجے ریواڑ وغیرہ کسان لیڈروں نے کہا کہ مرکزی حکومت جب ہٹ دھرمی پر اڑی رہ کر زرعی قوانین واپس لینے کے لئے تیارنہ ہوئی تو کسانوں کی تاریخی اور بے مثال تحریک کو بدنام کرنے کی سازش رچی جانے لگی۔


رمن رندھاوا نے کہا کہ جب 22 جنوری کو آخری دور کی بات چیت ناکام ہوگئی تب متحدہ محاذ نے 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی کی تیاری کرنے کا بیان دیا۔ اسی دن ہی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے بھی بیان دیا تھا کہ اب حکومت بھی اپنی تیاری کرے گی۔ ان کے اس بیان کا مطلب دہلی ہنگامے کے بعد سمجھ میں آیا کہ وہ کس تیاری کی بات کر رہے تھے۔

کسان رہنماؤں نے کہا کہ دہلی میں ہنگامہ کسانوں میں شامل کسان تنظیموں کے اتحاد کو ختم کرنا ہی نہیں بلکہ تحریک کو اصل بات سے گمراہ کرنے کی بھی سازش ہے لیکن سبھی کسان تنظیمیں ابھی بھی متحد ہیں۔ البتہ ان لیڈروں نے لال قلعہ پر جھنڈا لہرائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے لئے شرم اور اچھا نہیں بتایا، لیکن یہ بھی واضح کیا کہ ایسا کرنے والوں سے متحدہ محاذ کا کوئی سروکار نہیں ہے۔


دہلی ہنگامے کے بعد دھارو ہیڑا میں خیمہ زن کسان اب واپس شاہجہاں پور بارڈر پر آگئے ہیں۔ یہاں اب مستقل پرامن دھرنا اور تحریک چلائی جائے گی۔ کسان لیڈروں نے بتایا کہ متحدہ محاذ نے 30 جنوری کو نکالے جانے والے سنسد مارچ کو منسوخ کر دیا ہے۔ اب اس ک جگہ اسی دن ملک بھر میں ستیہ گرہ اور اپواس کرنے کا حکم دیا ہے۔ سری گنگا نگر میں گول بازار کے گاندھی چوک میں صبح 10 سے شام 4 بجے تک اپواس کیا جائے گا۔ اس میں بڑی تعداد میں کسان لیڈدر اور کسان شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔