مہنگائی کے خلاف کانگریس کی ’ہلہ بول ریلی‘، دہلی کے رام لیلا میدان پر تیاریاں مکمل

مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے دیگر مسائل پر کانگریس رام لیلا میدان دہلی میں ’ہلہ بول ریلی‘ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ ’بھارت جوڑو یاترا‘ سے قبل منعقد ہو رہی اس ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے

رام لیلا میدان پر ہلہ بول ریلی کی تیاری / یو این آئی
رام لیلا میدان پر ہلہ بول ریلی کی تیاری / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے دیگر مسائل پر کانگریس رام لیلا میدان دہلی میں ’ہلہ بول ریلی‘ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ ’بھارت جوڑو یاترا‘ سے قبل منعقد ہو رہی اس ریلی میں شرکت کے لئے ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ دہلی پہنچے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلہ پر مدت طویل سے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ آور راہل گاندھی راجدھانی سے مرکزی حکومت اور بی جے پی پر آج پھر حملہ کریں گے۔ ریلی سے قبل ہفتہ کے روز کانگریس لیڈران نے پریس کانفرنس سے کہا کہ کانگریس پارٹی ہر بار کی طرح اس بار بھی عوامی مسائل کو اٹھائے گی اور رام لیلا میدان سے مرکزی حکومت کو سخت پیغام دے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کانگریس رہنما
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کانگریس رہنما
PREM SINGH

کانگریس کے سینئر لیڈر کے سی وینو گوپال نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس گزشتہ کئی سالوں سے مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔ دسمبر 2021 میں بھی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا اور 5 اگست 2022 کو مہنگائی کے خلاف مارچ نکالنے کے دوران پارٹی کے اہم لیڈران کو حراست میں لے کر کنگز وے کیمپ میں نظر بند رکھا گیا تھا۔ لیکن اس سے ہمارے ارادے کمزور نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ریلی میں تقریباً ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے اور ملک بھر سے پارٹی کارکنان اور سینئر لیڈران بھی موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا ’’ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہم وہ جماعت ہیں جو مہنگائی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور لگاتار احتجاج کر رہی ہے۔ ہمارا احتجاج ہر جگہ ہو رہا ہے، بلاک سطح پر، ضلع سطح پر اور پٹرول پمپ تک سے ہم نے آواز اٹھائی ہے۔


ادھر، راجدھانی کے رام لیلا میدان پر انڈین نیشنل کانگریس کی ’ہلہ بول ریلی‘ کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کانگریس کے صدر دفتر سے رام لیلا میدان تک سڑکوں پر ریلی سے متعلق پوسٹر، بینر اور ہورڈنگ نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں تختیاں اور دستی بینر بھی تیار کئے گئے ہیں جنہیں ہاتھ میں لے کر کارکنان مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔

کانگریس ریلی سے مہنگائی، بے روزگاری کے علاوہ جی ایس ٹی کے غلط نفاذ کے خلاف بھی آواز صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ راجدھانی اور دیگر ریاستوں سے کارکنان دہلی پہنچ چکے ہیں۔ پارٹی کے رضاکار دہلی کے تمام ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں پر موجود رہیں گے تاکہ مختلف ریاستوں سے آنے والے لوگوں کو رام لیلا میدان تک پہنچنے میں مدد کی جا سکے۔ پارٹی کی جانب سے کارکنان کے قیام کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔