کانگریس ورکنگ کمیٹی ترقی کا نیا باب لکھنے کے لیے تیار: سونیا گاندھی

کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) تلنگانہ اور ہندوستان کے تمام لوگوں کے لیے وقار کے ساتھ ترقی کا ایک نیا باب لکھنے کے لیے تیار ہے

سونیا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
سونیا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) تلنگانہ اور ہندوستان کے تمام لوگوں کے لیے وقار کے ساتھ ترقی کا ایک نیا باب لکھنے کے لیے تیار ہے۔ حیدرآباد میں ہفتہ یعنی آج شروع ہونے والی سی ڈبلیو سی میٹنگ سے قبل کانگریس کے سابق صدر نے کہا، ’’ہم نے تلنگانہ کے لوگوں سے ایک وعدہ کیا تھا، ہم نے اس وعدے کو پورا کیا ہے۔ کانگریس ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں لے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی تلنگانہ اور ہمارے ملک کے تمام لوگوں کے لیے وقار کے ساتھ ترقی کا ایک نیا باب لکھنے کے لیے تیار ہے۔

دریں اثنا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی پارٹی کو جیت کی طرف لے جانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرے گی۔


انہوں نے کہا، ’’کانگریس نے ہمارے عظیم ملک میں جمہوریت، سماجی انصاف، ترقی اور مساوات کے لیے جدوجہد کی اور اسے نافذ کیا۔ ہم قومی سالمیت اور تنوع میں اتحاد کے لیے لڑتے رہیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہمارے دیرینہ فلسفے کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی پارٹی کو فتح کی طرف لے جانے اور ہمارے ملک اور اس کے لوگوں کے مستقبل کو مضبوط کرنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرے گی۔‘‘

خیال رہے کہ ملکارجن کھڑگے حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں آج سے شروع ہونے جا رہی سی ڈبلیو سی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ کھڑگے کی صدارت میں نو تشکیل شدہ سی ڈبلیو سی کی یہ پہلی میٹنگ ہوگی۔ پارٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے بات چیت اور حکمت عملی تیار کرے گا۔


سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت سی ڈبلیو سی کے تمام 84 ارکان میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ سی ڈبلیو سی اتوار کو تمام پی سی سی صدور اور سی ایل پی لیڈروں کے ساتھ ایک توسیعی اجلاس منعقد کرے گی۔ اتوار کی شام حیدرآباد کے مضافات میں تکو گوڑا میں ایک عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جہاں پارٹی تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی چھ ضمانتوں کو واضح کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔