سی ڈبلیو سی اجلاس: آر ایس ایس-بی جے پی نظریات کو شکست دینے کا کانگریس کا عزم

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’ملک آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے مجھے دکھ ہوتا ہے۔ آپ اس ملک کی تصویر بدل سکتے ہیں۔ فضول کے ایشوز سے بچیں اور اپنے ہدف پر توجہ مرکوز رکھیں۔‘‘

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
تصویر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

12 Mar 2019, 5:28 PM

اس ملک کو مہاتما گاندھی اور گجرات نے بنایا راہل گاندھی

گاندھی نگر ریلی سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ اگر اس ملک کو کسی نے بنایا ہے تو وہ مہاتما گاندھی اور گجرات نے بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طاقتیں اس ملک کو برباد کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے، آج ملک میں سب سے زیادہ بیروزگاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نیو انڈیا کی بات کرتے ہیں لیکن ملک کے نوجوان روزگار کے لئے بھٹک رہے ہیں۔

12 Mar 2019, 4:24 PM

اس ملک کی فطرت نفرت کو محبت میں بدلیگی، پرینکا گاندھی

گاندھی نگر میں منعقد ریلی سے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، آنے والے وقت میں تمام طرح کے ایشوز اچھالے جائیں گے لیکن آپ کی بیداری ہی آپ کو ان سے بچائے گی۔

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’ملک آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے مجھے دکھ ہوتا ہے۔ آپ اس ملک کی تصویر بدل سکتے ہیں۔ فضول کے ایشوز سے بچیں اور اپنے ہدف پر توجہ مرکوز رکھیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آپ کی بیداری ہی آپ کا ہتھیار ہے، ایک ایسا ہتھیار جو کسی کو چوٹ نہیں پہنچاتا، ہمیں کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’یہ وہی جگہ ہے جہاں سے سے ہماری آزادی کی تحریک کا آغاز ہوا تھا، جہاں سے گاندھی جی نے محبت، خیرسگالی اور عدم تشدد کی صدا بلند کی تھی۔‘‘

پرینکا گاندھی نے مزید کہا، ’’جو اپنی فطرت کی بات کرتے ہیں آپ انہیں بتائیں کہ اس ملک کی فطرت کیا ہے۔ اس ملک کی فطرت ہے کہ ذرے ذرے میں سچائی ڈھونڈ کے نکالے گی۔ اس ملک کی فطرت ہے کہ نفرت کی ہوائوں کو محبت اور رحم دلی میں بدل دے گی۔‘‘

12 Mar 2019, 4:09 PM

گاندھی نگر ریلی میں پہنچے راہل، سونیا اور پرینکا گاندھی

گجرات کے احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں حصہ لینے کے بعد راہل گاندھی، سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت پارٹی کے کئی بڑے رہنما گاندھی نگر میں منعقد ریلی میں حصہ لینے کے لئے پہنچ گئے ہیں۔ ریلی میں پاٹیدار رہنما ہاردک پٹیل بھی شامل ہیں۔


12 Mar 2019, 3:18 PM

کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی قرارداد پاس

گجرات کے احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی لیڈر آنند شرما نے پریس سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پلوامہ حملے کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں سیاسی قرارداد پاس کیے گئے۔ آنند شرما نے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل مسائل پر ہمارا موقف ایک ہے، پارٹی کسی بھی قسم کے بیرونی حملے کے خلاف ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔

کانگریس رہنما آنند شرما نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کو یہ بتائے گی کہ بی جے پی نے لوگوں کے اعتماد کو توڑا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں مسلسل بڑھ رہی بے روزگاری کے مسئلے پر بھی بحث ہوئی، گزشتہ 45 سالوں میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ملک میں بے روزگاری سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کو بچائے گی، لوگوں کو وہ چیزیں نہیں ملیں، جس کے بارے میں ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی اقتدار میں آئی تو ملک کے نوجوانوں اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے کام کرے گی۔

آنند شرما نے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کیا اور کسانوں کی موجودہ حالت پر تشویش ظاہر کی، آنند شرما نے کہا کہ اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی نے ملک کے آئینی اداروں کا سیاسی فوائد کے لئے استعمال کیا ہے۔

12 Mar 2019, 1:57 PM

سی ڈبلیو سی میں آر ایس ایس-بی جے پی نظریات کو شکست دینے کا عزم

احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ جاری ہے، کانگریس صدر راہل گاندھی اس اجلاس میں موجود ہیں انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’گاندھی جی کی تاریخی دانڈی مارچ کی سالگرہ کے موقع پر احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی نے آر ایس ایس-بی جے پی کے نظریات تقسیم کاری، فاشزم، غصے اور نفرت کو شکست دینے کا عہد کیا، اس جنگ میں ہماری جیت ہوگی‘‘۔


12 Mar 2019, 1:26 PM

سی ڈبلیو سی میٹنگ میں پلوامہ کے شہیدوں کو پیش کیا گیا خراج عقیدت

احمد آباد کے سابرمتی آشرم میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہو رہی ہے، اجلاس میں پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے سی آر پی ایف کے 49 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، اجلاس میں کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے چیئرمین سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منمهون سنگھ اور کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹریوں کے علاوہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان موجود ہیں۔

12 Mar 2019, 1:05 PM

ہاردک پٹیل سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں ہوئے شامل

کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے پاٹيدار رہنما ہاردک پٹیل بھی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں شامل ہوئے ہیں، بتا دیں کہ جب ہردک پٹیل نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا، اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ کسی طرح کی قانونی رکاوٹ نہیں ہوتی ہے اور پارٹی چاہے گی تو وہ آئندہ لوک سبھا الیکشن لڑیں گے، میرا انتخاب لڑنا مکمل طور کانگریس پارٹی کے فیصلے پر منحصر ہے۔


12 Mar 2019, 12:47 PM

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ شروع، راہل، سونیا گاندھی موجود

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

کانگریس صدر راہل گاندھی کی صدارت میں احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (CWC) کی میٹنگ شروع ہو گئی ہے، اس اجلاس میں کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے چیئرمین سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منمهون سنگھ اور کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹریوں کے علاوہ ورکنگ کمیٹی کے دیگر ارکان موجود ہیں۔

12 Mar 2019, 11:45 AM

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ، ایک ساتھ اسٹیج پر نظر آئیں گے راہل، سونیا اور پرینکا

احمد آباد: کانگریس قومی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ آج یہاں ہوگی جس کے بعد دارالحکومت گاندھی نگر کے قریب اڈالج کے تری مندر میں منعقد ایک ریلی میں پارٹی کے قومی صدر راہل گاندھی، ان کی والدہ سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی واڈرا پہلی بار ایک عوامی فورم اشتراک کریں گے۔

راہل گاندھی نے گاندھی جی کے سابرمتی آشرم میں منعقد دعائیہ جلسہ میں حصہ لیا۔ راہل گاندھی، سونیا گاندھی، پرینکا واڈرا اور ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آشرم میں واقع گاندھی جی کی رہائش گاہ ہردے کنج کا دورہ بھی کیا اور ان کی تصاویر پر سوت کی مالا چڑھائی۔ دعائیہ جلسہ میں گاندھی جی کے مقبول بھجن گائے گئے، راہل گاندھی کو ایک چرخہ بھی پیش کیا گیا۔


12 Mar 2019, 11:27 AM

سابرمتی آشرم میں دعائیہ جلسہ کا اختتام، تھوڑی دیر میں ہوگی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ

احمد آباد کے سابرمتی آشرم میں چل رہے دعائیہ جلسہ کا اختتام ہوگیا ہے، اب کچھ دیر میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کا آغاز ہوگا۔

12 Mar 2019, 10:54 AM

سی ڈبلیو سی میٹنگ سے پہلے سابرمتی آشرم پہنچے راہل، سونیا اور پرینکا

گجرات کے احمد آباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے قبل کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن اور پرینکا گاندھی سمیت کچھ اہم کانگریس لیڈرا سابرمتی آشرم پہنچے۔ 12 مارچ کو ’ڈانڈی مارچ‘ کی سالگرہ کے موقع پر اس وقت سابرمتی آشرم میں دعائیہ جلسہ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ تھوڑی ہی دیر میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہونے کی اطلاع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔