لکھنؤ، احمد آباد، دہرادون، پنجی، ناگپور، جئے پور، پٹنہ ہر جگہ ای ڈی دفتر پر مظاہرہ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی ای ڈی کے سامنے بیان درج کرا رہے ہیں، اس درمیان پورے ملک میں کانگریس کارکنان مودی حکومت اور ای ڈی کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔

راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس لیڈران و کارکنان
راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس لیڈران و کارکنان
user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج ’نیشنل ہیرالڈ‘ معاملے میں اپنا بیان درج کرانے ای ڈی دفتر پہنچے۔ لیکن راہل گاندھی کو ای ڈی کے ذریعہ طلب کیے جانے پر پورے ملک میں کانگریس کارکنان میں غم و غصے کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کانگریس کارکنان کا ہجوم مختلف ریاستوں میں موجود ای ڈی دفاتر پر پہنچ کر اپنا احتجاج درج کر رہا ہے۔ راجدھانی دہلی سے لے کر پٹنہ، لکھنؤ، گوا، احمد آباد، دہرہ دون، حیدر آباد تک تقریباً ہر جگہ کثیر تعداد میں کانگریس کارکنان راہل گاندھی کی حمایت میں دھرنا و مظاہرہ کر رہے ہیں۔

لکھنؤ میں کانگریس کارکنان کا مظاہرہ

یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں پارٹی کارکنان مرکز کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے نظر آئے۔ لکھنؤ میں کانگریس دفتر میں کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی بھی کر دی گئی تھی۔ اس دوران ای ڈی دفتر جا رہے کانگریس کارکنان کو پولیس نے درمیان میں ہی روک دیا۔ کارکنان کے احتجاج پر پولیس نے انھیں حراست میں لے لیا۔ کچھ کانگریس کارکنان نے پولیس کی گاڑی پر چڑھتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہل گاندھی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ پارٹی کارکنان نے کانگریس ریاستی ہیڈکوارٹر اور ای ڈی دفتر کے سامنے سڑک پر لیٹ کر اپنا احتجاج درج کیا۔ کانگریس ترجمان مکیش چوہان، ریاستی نائب صد وشو وجئے سنگھ، انشو اوستھی سمیت کئی سینئر لیڈروں کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔


احمد آباد میں کانگریس لیڈروں، کارکنوں کا دھرنا

کانگریس پارٹی کے سینکڑوں کارکنان اور لیڈران پیر کو راہل گاندھی کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے احمد آباد پہنچے اور برسراقتدار پارٹی کو سخت پیغام دیا کہ ان کی ہاتھ گھمانے کی پالیسی پارٹی کارکنان کی حوصلہ شکنی نہیں کرے گی۔ خواتین کے ایک چھوٹے سے گروپ نے راہل گاندھی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ سابق اپوزیشن لیڈر پریش دھنانی اس موقع پر کہا کہ یہ پارٹی کارکنان کا حوصلہ ہے جو برسراقتدار طبقہ کی گندی سازش کو ناکام بنانے کی طاقت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج سینکڑوں کارکنان جمع ہوئے ہیں۔ ضرورت پڑی تو مزید کارکنان آگے آنے سے نہیں جھجکیں گے۔ اقتدار کے غلط استعمال کے خلاف سڑکوں پر اترتے رہیں گے۔‘‘

دہرادون میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے باہر کانگریس کارکنان نے دیا دھرنا

کانگریس نے دہرادون واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے باہر دھرنا دیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر کرن ماہرا اور چکراتا رکن اسمبلی پریتم سنگھ کی قیادت میں کانگریس لیڈروں نے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ دھرنا مظاہرہ کر رہے کانگریس کارکنان کو پولیس کے ذریعہ گرفتار کر پولیس لائن لے جایا گیا۔ اس دوران ریاستی صدر کرن ماہرا نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت مہنگائی سے عام لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لیے اپوزیشن کو نشانے پر لے رہی ہے۔ سرکاری ایجنسی کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، جسے کانگریس برداشت نہیں کرے گی۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن اسمبلی و لیڈر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے باہر دھرنا دے رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق ریاستی صدر و چکراتا سے رکن اسمبلی پریتم سنگھ، سابق رکن اسمبلی راج کمار، مہانگر کانگریس صدر لال چند شرما، سندیپ چمولی، راجندر شاہ وغیرہ موجود رہے۔


گوا کانگریس کا پنجی میں احتجاجی مظاہرہ

کانگریس گوا یونٹ نے اس معاملے کو بی جے پی کی ’بدلہ لینے والی سیاست‘ قرار دیا اور پنجی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اپوزیشن کے لیڈر مائیکل لوبو نے ریاست کی راجدھانی میں ای ڈی دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت نیشنل ہیرالڈ معاملے میں راہل گاندھی کو طلب کر کانگریس کے خلاف بدلے کی سیاست کر رہی ہے۔ یہ ہندوستان کے لوگوں کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ ہمیں کیسے نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘

مہاراشٹر کانگریس نے ممبئی اور ناگپور واقع ای ڈی دفتر کے سامنے کیا احتجاجی مظاہرہ

مرکزی ایجنسی ای ڈی پر کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی کو مبینہ جھوٹے معاملوں میں پھنساے کا الزام لگاتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے سینکڑوں لیڈروں اور کارکنان نے پیر کو ممبئی اور ناگپور واقع ای ڈی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی اور دوسری راجدھانی ناگپور میں ای ڈی دفاتر کے پاس بڑی تعداد میں کانگریس کے لیڈر اور کارکنان جمع ہوئے اور بی جے پی، ای ڈی کے خلاف نعرے بازی کی۔ تحریک کی قیادت کرتے ہوئے ریاستی پارٹی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت مرکزی جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف سیاسی بدلہ لینے کی سازش تیار کر رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کو خاموش کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔


جئے پور میں بھی کانگریس کارکنان کا مظاہرہ:

راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کی قیادت میں پارٹی لیڈروں اور کارکنوں نے ریاستی صدر دفتر سے لے کر امبیڈکر سرکل واقع ای ڈی دفتر تک پیدل مارچ نکالا۔ کارکنان نے پیر کو جئے پور میں ای ڈی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پیدل مارچ میں شامل گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت بے روزگاری اور مہنگائی جیسے حقیقی ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ کارروائی کروا رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پورے ملک کے لوگوں میں غصہ ہے اور مودی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔‘‘

پٹنہ میں کانگریس لیڈروں نے ای ڈی دفتر احاطہ میں دیا دھرنا

پٹنہ میں بھی ای ڈی دفتر احاطہ میں کانگریس کے لیڈروں و کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا، ایم ایل سی سمیر سنگھ سمیت کئی لیڈر پیر کو ای ڈی دفتر پہنچے اور دھرنے پر بیٹھ گئے۔ کانگریس لیڈروں کا الزام ہے کہ راہل گاندھی کو قصداً پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */