لاک ڈاؤن: دہلی میں بھوکوں کا پیٹ بھرنے آگے آئی ’کانگریس کی رسوئی‘

دہلی کے آدرش نگر میں کچھ کانگریس کارکنان نے غریبوں و مزدوروں کے درمیان کھانا تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا ہے جس سے علاقے میں لوگوں کی تکلیف کم ہوئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن کا اعلان تو ہو گیا ہے، لیکن اس میں سب سے زیادہ پریشانی غریب اور مزدور طبقہ کو اٹھانی پڑ رہی ہے۔ خصوصی طور پر دہاڑی کام کرنے والے مزدوروں کے لیے ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن میں ہی بھوکے پیٹ سونے کی نوبت آ گئی ہے اور ابھی تو مزید لاک ڈاؤن کے 15 دن باقی ہیں۔ اس درمیان دہلی کے کچھ علاقوں میں کچھ کانگریس کارکنان بھوکے غریب اور مزدوروں کا پیٹ بھرنے کے لیے سامنے آئے ہیں۔ وہ ایک اسٹال لگا کر غریبوں میں کھانا تقسیم کر رہے ہیں اور ان کی ضرورتوں و مسائل کی جانکاری حاصل کر رہے ہیں۔

دہلی کے آدرش نگر میں بھی کچھ کانگریس کارکنان نے غریبوں کے درمیان کھانا تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا ہے جس سے علاقے میں لوگوں کی تکلیف کم ہوئی ہے۔ آدرش نگر میں کانگریس کارکنان نے ایک بینر لگایا ہے جس پر بڑے حروف میں 'کانگریس کی رسوئی' لکھا ہوا ہے اور تقریباً نصف درجن کارکنان کھانا نکال کر وہاں موجود لوگوں کو دے رہے ہیں۔ اس درمیان سوشل ڈسٹنسنگ کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی بھی طرح کی بھیڑ وہاں پر جمع نہ ہو۔


کانگریس کارکنان کا کہنا ہے کہ ایسے مشکل وقت میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا بہت ضروری ہے۔ چونکہ ہندوستان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب اور مزدوروں کے لیے کام بند ہو گیا ہے، اس لیے ان کے پاس کھانے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ کارکنان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ علاقے میں کوئی غریب بھوکا نہ رہے اور لاک ڈاؤن کے درمیان کسی طرح کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */