کانگریس 2019 میں برسراقتدار ہوگی اور راہل پی ایم بنیں گے: راج ببر

یو پی کانگریس صدر راج ببر کا کہنا ہے کہ اب پورے ملک میں کانگریس کی آواز گونجنے لگی ہے اور تین بی جے پی حکمراں ریاستوں میں کانگریس نے حکومت تشکیل دے کر یہ ثابت بھی کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

یو این آئی

امرتسر: اترپردیش کانگریس کے صد ر اور رکن پارلیمان راج ببر نے پیر کو کہا کہ 2019میں مرکز میں کانگریس برسراقتدار آئے گی اور پارٹی کے صدر راہل گاندھی وزیراعظم ہوں گے۔ راج ببر نے یہاں بلا مقابلہ منتخب ہوئے پنچایت سرپنچوں کو اعزاز سے نوازے جانے کے موقع پر کہا کہ اب ہر جگہ کانگریس کی آواز گونجنے لگی ہے۔ اس کا آغاز پنجاب سے ہوا تھا، جس کے بعد راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی کانگریس پارٹی نے حکومت بنائی ہے۔ اب پنجاب میں پنچایت انتخابات میں بھی کانگریس کے امیدواروں کا جلوہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2019میں مرکز میں بھی کانگریس پارٹی حکومت بنائے گی اور مسٹر گاندھی وزیراعظم بنیں گے۔

ریاست میں 30دسمبر کو ہونے والے پنچایت انتخابات سے پہلے ہی رکن اسمبلی ڈاکٹر راجکمار ویرکا کے حلقہ میں اجے نگر پنچایت میں سرپنچ کے عہدہ کے لئے کانگریس کے امیدوار کنولجیت کور سندھو اور بابا درشن سنگھ پنچایت میں سرپنچ کے عہدہ کے لئے کانگریس کے سکھدیو سنگھ کو اتفاق رائے سے منتخب کرلیا گیا ۔ بالی ووڈ اسٹار راج ببر نے اپنے امرتسر دورہ کے دوران رکن اسمبلی ڈاکٹر راجکمار ویرکا کے ساتھ ان سب کو اعزاز سے نوازا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ویرکا نے کہاکہ پنچایت انتخابات میں ان کے حلقہ کے بھی تما م امیدوار جیت حاصل کریں گے۔انہوں نے راج ببر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کو اعزاز سے نواز کر ان کا حوصلہ بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ کانگریس پارٹی نے خواتین کو بااختیار بنانے میں پہل کی ہے جس کی بدولت آج خواتین گاوں اور شہروں میں سیاسی انتخابات میں حصہ لیکر آگے آرہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */