ضرورت پڑنے پر کانگریس اترپردیش میں اپنے دم پر الیکشن لڑے گی: چدمبرم

سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے وارانسی میں کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو یقینی طور پر کانگریس پارٹی اتر پردیش میں اپنے دم پر انتخابی میدان میں اترے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وارانسی: سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے سماجوادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سے لوک سبھا انتخابات سے پہلے 'وسیع اتحاد' کے لئے پھر سے غور کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو یقینی طور پر کانگریس پارٹی اتر پردیش میں اپنے دم پر انتخابی میدان میں اترے گی۔

اپنی پارٹی کے لئے 'لوک سبھا انتخابات -2019 منشور' تیار کرنے کے لئے وارانسی میں منعقد 'جن آواز' پروگرام کے دوران چدمبرم نے ایس پی-بی ایس پی اتحاد میں کانگریس کو جگہ نہیں دیئے جانے سے متعلق نامہ نگاروں کے ایک سوال پر بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ یہ شاید ان (مایاوتی-اکھلیش یادو کا) آخری فیصلہ نہیں ہے۔ لوک سبھا انتخابات قریب آنے پر ہو سکتا ہے کہ دونوں پارٹیاں اپنے گٹھ بندھن کو وسیع شکل دینے کے لئے آج کے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کریں اور انتخابات سے پہلے ایک 'جامع اتحاد' بن کر سامنے آئے۔

چدمبرم نے کہا، "ہمیں پتہ ہے کہ بی ایس پی اور ایس پی نے آج اتحاد کا اعلان کیا ہے لیکن شاید یہ ان کا آخری فیصلہ نہیں ہے۔ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے، یہ ہو سکتا ہے کہ وہ اس پر دوبارہ غور کریں گے اور صحیح معنوں میں ایک 'وسیع اتحاد' بن کر سامنے آئے گا۔ "

چدمبرم نے ایس پی-بی ایس پی کے ساتھ انتخابات سے پہلے کانگریس کا اتحاد نہ ہونے کے سوال پر کہا، "جیسا کہ ہم یہ جانتے ہیں کانگریس پارٹی کو اتر پردیش میں کمتر نہیں سمجھا جاسکتا اور اگر ضرورت پڑی تو کانگریس پارٹی یقینی طور پر اپنے دم پر ریاست کے انتخابی میدان میں اترے گی۔"

اس موقع پر سابق ایم پی راجیش مشر، سابق ممبر اسمبلی اے رائے اور للی تیش پتی ترپاٹھی سمیت دیگر کانگریسی لیڈر موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔