کانگریس 3 اہم ایشوز پر ملک بھر میں چلائے گی عوامی تحریک، کھڑگے کی صدارت میں ہوئی میٹنگ کے دوران فیصلہ

اس میٹنگ کے دوران حکومت ہند سے بنگلہ دیش میں مذہبی اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں پر ہو رہے حملوں کو روکنے اور انھیں سیکورٹی فراہم کرنے کے مقصد سے ہر ممکن قدم اٹھانے کی اپیل کی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/kharge">@kharge</a></p></div>

تصویر@kharge

user

قومی آوازبیورو

کانگریس عوامی ایشوز کو لگاتار پارلیمنٹ میں اور سڑکوں پر اٹھا رہی ہے۔ بے روزگاری، مہنگائی اور مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کو پارٹی کے سرکردہ لیڈران لگاتار ہدف تنقید بھی بنا رہے ہیں۔ اب اس معاملے میں کانگریس نے مزید سرگرمی دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں آج نئی دہلی میں ہوئی پی سی سی صدور، اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز اور سبھی انچارج کی میٹنگ کے دوران کچھ اہم فیصلے لیے گئے۔ اس میٹنگ میں خاص طور سے 3 ایشوز پر عوامی تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

میٹنگ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے پریس کانفرنس کے دوران میٹنگ میں ہوئے فیصلوں کو سامنے رکھا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ بھی کیا ہے جس میں ان تین اہم ایشوز کا تذکرہ کیا ہے جس پر عوامی تحریک چلانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ وہ تین ایشوز اس طرح ہیں:

  1. اڈانی مہاگھوٹلے کی جانچ کے لیے ایک جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) تشکیل دی جائے، کیونکہ اس میں وزیر اعظم پوری طرح سے شامل ہیں اور اس میں مالیاتی بازار ریگولیٹری کے ذریعہ بھی سنگین طور سے سمجھوتہ کیے جانے کی جانکاری ملی ہے۔

  2. مرکزی حکومت کے ذریعہ ملک گیر سطح پر ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے۔

  3. ہندوستانی آئین کے تئیں مکمل اور سچے احترام کا جذبہ (خاص طور سے اس کے معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف کے التزامات کے ضمن میں) لفظی اور حقیقی طور سے ہونا چاہیے۔


جئے رام رمیش نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’میٹنگ میں حکومت ہند سے بنگلہ دیش میں مذہبی اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں پر کیے جانے والے حملوں کو روکنے اور انھیں سیکورٹی، احترام و خیر سگالی کی زندگی جینے میں اہل بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کی اپیل کی گئی۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میٹنگ میں وائناڈ میں ہوئے تباہناک لینڈ سلائڈ پر گہرے غم کا اظہار کیا گیا اور ہمدردی بھی ظاہر کی گئی۔ میٹنگ میں اس حادثہ کو قومی آفت قرار دینے سے متعلق راہل گاندھی کے مطالبہ کو از سر نو دہرایا گیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔