کانگریس مہلوک دلت بچی کے اہل خانہ کو دے گی قانونی مدد، وکلاء کی 5 رکنی ٹیم تشکیل

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دلت بیٹی کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے ایک رہائش اور ایک کروڑ روپے کی مالی مدد دیں۔

چودھری انل کمار (کانگریس)
چودھری انل کمار (کانگریس)
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے اولڈ نانگل علاقہ میں 9 سالہ دلت بچی کی عصمت دری اور قتل واقعہ کو لے کر کانگریس نے آج ایک بار پھر متاثرہ فیملی کو انصاف دلائے جانے کو لے کر عزم کا اظہار کیا۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے متاثرہ خاندان کو قانونی مدد دلانے کے لیے وکیلوں کی ایک پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو جلد از جلد انصاف کے لیے سرگرم کردار ادا کرے گی۔ وکلاء کی اس پانچ رکنی ٹیم میں ایڈووکیٹ سنیل کمار، ایڈووکیٹ وکاس یادو، ایڈووکیٹ ساجد چودھری، ایڈووکیٹ راجیش ٹانک، اور ایڈووکیٹ نعیم جہاں شامل ہیں۔

اس تعلق سے چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کانگریس کی لاء اینڈ حقوق انسانی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 5 اگست کو حقوق انسانی کمیشن میں سے دہلی کینٹ کی دلت بیٹی کو انصاف دلانے کے لیے عرضی داخل کی گئی۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی جی اور راہل گاندھی جی نے نربھیا کے دردناک حادثے کے بعد ان کی فیملی سے جو وعدے کیے تھے ان کو بخوبی پورا کیا، جس میں نربھیا کی فیملی کو معاشی مدد کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے فلیٹ اور دونوں بچوں کی تعلیم کا خرچ برداشت کیا۔ اس کا مقصد اُس وقت متاثرہ فیملی کے ساتھ دُکھ کی گھڑی میں اخلاقی بنیاد پر مدد کا ہاتھ آگے بڑھانے کا تھا تاکہ فیملی کو بکھرنے سے بچایا جا سکے۔


چودھری انل کمار نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے دہلی کینٹ کی متاثرہ کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے ایک رہائش اور ایک کروڑ روپے کی معاشی مدد دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اروند کیجریوال نے 10 لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کر کے فیملی کے زخموں کو کریدا ہے، کیونکہ متاثرہ اپنے والدین کی واحد اولاد تھی، جو ان کی خوشی اور زندگی کی امید تھی۔ چودھری انل کمار نے مزید کہا کہ اروند کیجریوال جو خود کو دہلی کا بیٹا اور غریبوں کا بھائی کہتے ہیں، ان کو اس تکلیف کے وقت میں متاثرہ کی فیملی کو رہائش اور ایک کروڑ روپے کی مدد دینی چاہیے، کیونکہ متاثرہ فیملی کے پاس اپنا سر چھپانے کے لیے بھی کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔

اس درمیان سابق مرکزی وزیر اور ہریانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر کماری شیلجا نے آج اولڈ نانگل گاؤں کی دلت بیٹی کے متاثرہ خاندان سے مل کر ان کے تئیں ہمدردی کا اظہار کیا۔ کماری شیلجا نے متاثرہ کنبہ کے موجودہ حالات کی جانکاری لیتے ہوئے ان کو ہر ممکن مدد پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انھوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں جرائم پیشوں کے ساتھ پولیس کا کردار شبہات کے دائرے میں ہے، کیونکہ انھوں نے متاثرہ کنبہ پر ظلم کر کے ان کے ساتھ ملزموں جیسا سلوک کیا۔ کماری شیلجا نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت میں نظام قانون پوری طرح سے چرمرا گئی ہے، اور ایک غریب کو انصاف ملنے کی امید ہی ختم ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔