جھگی جھونپڑی والوں کے ساتھ دھوکہ ہوا، راہل گاندھی کا وعدہ نبھانے کل سے سڑکوں پر تحریک شروع ہوگی: دیویندر یادو

دہلی کانگریس جھگی جھونپڑی والوں کی بازآبادکاری، خواتین سے کیے وعدوں اور بڑھتے جرائم کے خلاف 4 اگست کو اسمبلی گھیراؤ کرے گی، دیویندر یادو نے تحریک کی قیادت سنبھالی

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر دیویندر یادو</p></div>

کانگریس لیڈر دیویندر یادو

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں آج (اتوار، 3 اگرست 2025) دہلی کے 258 بلاک کانگریس کمیٹیوں نے جھگی جھونپڑی علاقوں میں ماہانہ میٹنگوں کا انعقاد کیا، جن میں مقامی باشندوں نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کیے گئے وعدے وفا نہیں ہوئے، نہ روزگار ملا، نہ ہی گھر۔

ان میٹنگوں میں دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ جھگی جھونپڑی والوں کے تحفظ میں آگے رہی ہے۔ مرکز اور دہلی میں اقتدار کے دوران کانگریس نے کبھی بغیر متبادل رہائش دیے ان بستیوں کو نہیں ہٹایا۔ راجیو رتن اسکیم جیسے منصوبے اس کی مثال ہیں جن کے تحت ہزاروں فلیٹ تعمیر ہوئے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی حکومت نے سیاسی فائدے اور منصوبے کا نام بدلنے کے چکر میں 2014 میں بنے فلیٹس آج تک غریبوں کو الاٹ نہیں کیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان فلیٹس کو فوری مرمت کر کے بلا امتیاز الاٹ کیا جائے۔

دیویندر یادو نے کارکنان سے اپیل کی کہ کل 4 اگست کو چندگی رام اکھاڑے پر صبح 11 بجے جمع ہو کر دہلی اسمبلی کا گھیراؤ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 15 ہزار جھگی والوں کو بے دخل کرنے کی تیاری، دارالحکومت میں بڑھتا جرائم، خواتین سے 2500 روپے ماہانہ دینے کا جھوٹا وعدہ، اور بارش میں پانی بھراؤ جیسے مسائل کے خلاف سڑک پر آنا ناگزیر ہو گیا ہے۔


انھوں نے کہا کہ جھگی جھونپڑی سے متعلق دہلی حکومت کا رویہ دوغلا ہے۔ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ کوئی جھگی نہیں ہٹے گی، دوسری طرف ریلوے لائن کے آس پاس کی بستیوں کو بچانے سے انکار کیا جاتا ہے۔

میٹنگوں میں ضلع و بلاک صدور، سابق و موجودہ کونسلر، سابق اراکین اسمبلی، لوک سبھا و اسمبلی حلقوں کے انچارج، مختلف سیلوں کے سربراہان، محلہ و سیکٹر سطح کے کارکنان اور بڑی تعداد میں جھگی باسی موجود تھے۔

اسی دوران دیویندر یادو نے مختلف علاقوں میں خون عطیہ، طبی اور آنکھوں کے معائنے کے کیمپوں میں شرکت کی۔ بعدلی اسمبلی حلقے میں طبی کیمپ میں شامل ہو کر مریضوں سے ملاقات کی، جبکہ روہنی میں لکشمی تارو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام خون عطیہ کیمپ میں عطیہ دہندگان کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ نادار اور محروم افراد کی خدمت، خاص طور پر وہ جو ہسپتال پہنچنے سے قاصر ہوں، ایک سماجی فریضہ ہے۔ کانگریس اس جذبے کو مضبوطی سے نبھاتی رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔