’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ کا عمل کانگریس نے شروع کیا، دوسروں نے صرف اس کا کریڈٹ لیا: ڈاکٹر نریش
ڈاکٹر نریش کا کہنا ہے کہ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے 9 بار جھگیوں کو نہ توڑنے کا وعدہ کیا، لیکن ہر بار کی گئی توڑ پھوڑ نے ان کے وعدوں کو ’یو-ٹرن‘ بنا دیا۔

ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /DrNareshkr@
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے دہلی میں جھگیوں کو توڑے جانے کے معاملے پر عام آدمی پارٹی کی سابقہ اور بی جے پی کی موجودہ حکومت پر آج شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف دہلی میں ہزاروں جھگیاں توڑی جا چکی ہیں، تو دوسری طرف وزیراعلیٰ ریکھا گپتا 9 بار یہ بیان دے چکی ہیں کہ دہلی میں ایک بھی جھگی نہیں توڑی جائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس طرح کے بیانات دے کر حکومت ان لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے جن کے گھر اجاڑ دیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ کا نعرہ کانگریس پارٹی نے دیا تھا اور اسے عملی جامہ بھی پہنایا تھا۔ سابق وزیراعلیٰ شیلا دیکشت کے دورِ حکومت میں اور کالکاجی سے سابق رکن اسمبلی سبھاش چوپڑا کی قیادت میں گوبند پوری علاقے کے نہرو کیمپ، نوجیون کیمپ وغیرہ میں ستمبر 2013 میں ’جہاں جھگی، وہیں مکان‘ اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس مہم کے تحت 8064 فلیٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ تھا، جن میں سے پہلے مرحلے میں 3000 فلیٹس 240 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیے گئے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کی حکومتوں نے ان فلیٹس کو غریبوں کو الاٹ نہیں کیا۔ اب وزیر اعظم نریندر مودی نے ان فلیٹس کی چابیاں لوگوں کو دی ہیں، جبکہ یہ پورا منصوبہ کانگریس حکومت کا دیا ہوا تھا۔ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے ڈاکٹر کمار نے کہا کہ بی جے پی صرف نقل کرتی ہے، وہ بھی صحیح طریقے سے نہیں۔ ان کی پالیسی صرف عوام کو گمراہ کرنے کی ہے۔ صرف کانگریس ہی وہ پارٹی ہے جس نے غریبوں کو بسایا اور ان کے حقوق کے لیے لڑائی لڑی۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ دہلی کو ’ورلڈ کلاس سٹی‘ بنانے میں ان مہاجر مزدوروں کا بڑا کردار ہے جو پچھلے 50-40 برسوں سے بہار، جھارکھنڈ، اتر پردیش، بنگال اور تمل ناڈو سے آ کر جھگیوں میں رہ رہے ہیں۔ لیکن گزشتہ 11 سالوں میں، جب سے عام آدمی پارٹی اور اب بی جے پی اقتدار میں آئی ہیں، ان غریبوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے، حالانکہ ان کے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں۔
ڈاکٹر نریش کمار نے الزام لگایا کہ انتخابات کے وقت بی جے پی کے رہنماؤں نے جھگیوں میں راتیں گزار کر یہ وعدہ کیا تھا کہ ایک بھی جھگی نہیں توڑی جائے گی، لیکن یہ سب ووٹ حاصل کرنے کا ایک ہتھکنڈا تھا۔ وزیر اعظم مودی اور وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے انتخابات سے پہلے جھگی والوں سے جھوٹے وعدے کیے۔ کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ جب جھگیاں توڑی جا رہی تھیں، اس وقت دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کسی بھی متاثرہ شخص سے ملنے کی زحمت تک نہیں کی۔ عآپ اور بی جے پی دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈاکٹر کمار نے کہا کہ یہ پارٹیاں صرف تشہیر کرنے والی سیاسی پارٹیاں بن کر رہ گئی ہیں، انہوں نے جھگی جھونپڑی والوں کی بہتری اور ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔