ساورکر کو ’بھارت رتن‘ دینے کے مطالبہ پر کانگریس مشتعل

یہ سوال کیے جانے پر کہ کیا ساورکر کو بھارت رتن ملنا چاہیے، اس پر منیش تیواری نے کہا کہ جس ملک میں گاندھی جی کے قتل کو خودکشی بتایا جارہا ہے، اس ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کا کہنا ہے کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قتل کی سازش میں ساورکر کے ملوث ہونے کا الزام لگا تھا اور ایسے شخص کو گاندھی جی کی 150ویں سالگرہ پر ’بھارت رتن‘ دینے کا مطالبہ کرنا نامناسب ہے۔

کانگریس ترجمان منیش تیواری نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا کہ ساورکر کو بھارتن رتن دینے کامطالبہ کرنا بہت منصوبہ بند اور سوچا سمجھا قدم ہے جس کے تحت ایک طرف مہاتما گاندھی کی تعریف کی جا رہی ہے اور دوسری طرف ساوکر کو ’بھارت رتن‘ دینے کا مطا لبہ کیا جارہا ہے۔


یہ سوال کیے جانے پر کہ کیا ساورکر کو بھارت رتن ملنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ جس ملک میں گاندھی جی کے قتل کو خودکشی بتایا جارہا ہے، اس ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ ساورکر پر مہاتما گاندھی کے قتل کے سلسلے میں فوجداری کا مقدمہ چلایا گیا تھا حالانکہ وہ بعد میں بری ہوگئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے قتل کے سلسلے میں بعد میں کپور کمیشن تشکیل دی گئی تھی۔ انہوں نے اس سے متعلق حال ہی میں شائع ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مضمون میں کہا گیا ہے کہ کمیشن اس نتیجہ پر پہنچی تھی کہ گاندھی کے قتل کی سازش میں ساورکر اور ان کا گروپ ملوث تھا۔
منیش تیواری نے کہا کہ اگر کپور کمیشن کی بات اس سے متعلق درست ہے تو پھر حکومت کو غور کرنا چاہیے کہ کیا یہ اعزاز انہیں دیا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔