’پنجاب کی تاریخی زمین پر کانگریس نے پھر ایک نئی تاریخ رقم کی‘

کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ’’ہمیں معلوم ہے کہ بی جے پی سمیت کئی ساتھیوں کو تکلیف ہو رہی ہے۔ لیکن یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ کانگریس اور دوسری پارٹیوں کا فرق اب صاف ہو گیا ہے۔‘‘

رندیپ سنگھ سرجے والا، تصویر یو این آئی
رندیپ سنگھ سرجے والا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کو چرنجیت سنگھ چنّی کی شکل میں پہلا دلت وزیر اعلیٰ دینے کے بعد کانگریس کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ اس تعلق سے کانگریس جنرل سکریٹری اور قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تاریخی زمین پنجاب میں کانگریس نے ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ سونیا گاندھی کی قیادت میں، راہل گاندھی کی قیادت میں پہلی بار ملک کی تاریخ میں پنجاب میں ایک نوجوان، دلت ساتھی سردار چرنجیت سنگھ چنّی جی نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا۔‘‘

رندیپ سرجے والا نے اس موقع پر کہا کہ کانگریس کا غریب اور عام کارکن، ہر غریب ساتھی آج خود پر فخر محسوس کر رہا۔ یہ فیصلہ پنجاب ہی نہیں، پورے ملک کے محروم، استحصال زدہ، ہر ساتھی کے لیے امید کی ایک نئی شمع اور ایک نئی سمت والا فیصلہ ثابت ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ وہ کانگریس کے دروازے غریب، محروم اور استحصال زدہ طبقہ کو طاقت دے کر کھولنا چاہتے ہیں۔ اس طاقت کا سب سے بڑا ثبوت آج پنجاب کے پہلے دلت وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی کی شکل میں کانگریس پارٹی نے دے دیا ہے۔‘‘


کانگریس ترجمان نے آگے کہا کہ ’’ہمیں معلوم ہے کہ بی جے پی سمیت کئی ساتھیوں کو تکلیف ہو رہی ہے۔ لیکن یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ کانگریس اور دوسری پارٹیوں کا فرق اب صاف ہو گیا ہے۔ ہندوستان میں سردار چرنجیت سنگھ سنگھ چنّی اب تنہا دلت وزیر اعلیٰ ہیں۔ کسی بھی بی جے پی حکمراں ریاست میں دلت وزیر اعلیٰ نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی کے پیٹ میں درد ہو رہا ہے، کبھی کسی بات کو لے کر چرنجیت سنگھ چنّی پر چھینٹا کشی کر رہے ہیں تو کبھی کسی بات کو لے کر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، یہ چرنجیت سنگھ چنّ اور دلتوں کی بے عزتی کی ایک سازش ہے۔ مودی جی تو دلتوں کے نام پر ووٹ مانگتے ہیں، لیکن بتائیں کہ کیا آپ نے ہندوستان میں کسی دلت کو کسی بی جے پی حکمراں ریاست کا وزیر اعلیٰ بنایا؟‘‘

کانگریس کی تاریخ پیش کرتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ ’’چاہے ملک کا صدر بنانے کی بات ہو، چاہے اسمبلی اسپیکر بنانے کی بات ہو، چاہے ملک کا پہلا وزیر داخلہ بنانے کی بات ہو، کانگریس پارٹی نے ہمیشہ محروم اور استحصال زدہ طبقات کو آگے بڑھایا ہے، کئی خطوں میں انھیں اہم عہدے دیے گئے ہیں، اور چرنجیت سنگھ چنّی کو وزیر اعلیٰ بنایا جانا بھی ایک نئی شروعات ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔