بہار اسمبلی انتخابات: کانگریس کی اسٹار تشہیر کاروں کی فہرست جاری، راہل گاندھی اور کھڑگے کے نام شامل
کانگریس نے بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 40 اسٹار کیمپینروں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کئی اہم لیڈروں کے نام شامل ہیں

بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں پوری طاقت جھونک دی ہے۔ اسی دوران کانگریس نے پہلے مرحلے کے لیے اپنے اسٹار تشہیر کاروں کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے علاوہ کئی سینئر اور نوجوان چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔
پارٹی کی طرف سے جاری فہرست میں کل 40 نام ہیں جن میں کے سی وینوگوپال، اشوک گہلوت، بھوپیش بگھیل، دگوجے سنگھ، سکھویندر سنگھ سکھو، ادھیر رنجن چودھری، سچن پائلٹ، رندیپ سنگھ سرجے والا، سید ناصر حسین، چرن جیت سنگھ چنی، طارق انور، ڈاکٹر محمد جاوید، اکھلیش پرساد سنگھ، منوج رام، الکا لامبا، کنہیا کمار، پون کھیڑا، عمران پرتاپ گڑھی، شکیل احمد، جیتو پٹوری، سکھدیو بھگت، راجیش کمار رام اور شکیل احمد خان شامل ہیں۔
اس فہرست میں سابق اسپیکر میرا کمار اور بہار کے کئی سینئر چہروں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ ساتھ ہی مدن موہن جھا، اجے رائے، جگنیش میوانی، رنجیت رنجن، راجیش رنجن عرف پپو یادو، انیل جے ہند، راجندر پال گوتم، فرقان انصاری، ادے بھانو چب اور سوبودھ کانت سہائے کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔
پارٹی کے بہار انچارج کرشنا الاورو نے کہا کہ کانگریس اس الیکشن میں پوری سنجیدگی سے میدان میں ہے اور عوامی مسائل کو لے کر مضبوط ایجنڈا تیار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ’’ہماری ٹیم جوان، متحرک اور پُرعزم ہے۔ بہار کے لوگ یہ سمجھ چکے ہیں کہ اب تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ہم سب ایک متحد وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا فوکس صرف انتخاب لڑنے پر نہیں بلکہ ریاست کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر ہے۔ ان کے مطابق کانگریس بہار میں روزگار، تعلیم، صحت اور کسانوں کے حقوق کو انتخابی ایجنڈے کے مرکز میں رکھے گی۔
تاہم، کرشنا الاورو نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ بہار کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ انہوں نے کہا، ’’ہماری جانب سے اس سوال پر مکمل وضاحت ہے لیکن این ڈی اے کی طرف سے ابہام برقرار ہے۔ خود امت شاہ نے کہا کہ نتیش کمار صرف انتخابات تک وزیر اعلیٰ ہیں، اس کے بعد دیکھا جائے گا۔ اس بیان سے صاف ظاہر ہے کہ بی جے پی اپنے حساب سے حکومت چلانا چاہتی ہے۔‘‘

کانگریس کی اسٹار تشہیر کاروں کی فہرست
کانگریس ذرائع کے مطابق راہل گاندھی آئندہ دنوں میں بہار کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور انتخابی جلسوں میں شرکت کریں گے۔ پارٹی کے لیے یہ مرحلہ نہ صرف انتخابی اعتبار سے بلکہ تنظیمی سطح پر بھی اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ یہ پہلی بار ہے جب بہار میں کانگریس نے نوجوان قیادت کو بڑے پیمانے پر مہم میں شامل کیا ہے۔
کانگریس نے اپنے تشہیر کاروں کی فہرست جاری کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ بہار میں پوری طاقت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔