کانگریس کے لئے قومی سلامتی اولین ترجیح، دہشت گردی ناقابل قبول

سلامتی خطروں سے نمٹنے کے لئے ضروری تیاریوں کو نظرانداز کرنے کے ساتھ ساتھ سفارتی ناکامیابیاں گزشتہ پانچ برسوں میں پیدا ہوئی ہیں جو ہماری قومی سلامتی کےلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پرمسلح افواج پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اتوار کو کہا ہے کہ کانگریس نے ہمیشہ دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس کا رویہ اپناتے ہوئے قومی سلامتی کو ہمیشہ پہلی ترجیح دی ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم، جے رام رمیش اور لیفنٹنٹ جرل (ریٹائرڈ) ڈی ایس ہڈا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا کہ ’’ہندوستانی فوج کو پاکستان اور سرحد پر دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے ہمیشہ بغیر کسی سیاسی مداخلت کے کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔‘‘

یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ موجودہ حکومت قومی سلامتی اور مسلح افواج کا بے شرمی سے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ کانگریس وزیراعظم اور ان کے معاون پارٹیوں کی ایسی سبھی کوششوں کی زبردست مذمت کرتی ہے۔ چدمبرم اور جنرل ہڈا نے کہا کہ سلامتی پالیسی عالمی مسائل میں مناسب طریقے سے مداخلت، ایک محفوظ پڑوسی، اندرونی مسائل کا پرامن حل، عوامی سلامتی اور اپنی اہلیتوں کی توسیع جیسے مسائل پر مرکوز ہونی چاہیے۔

اس کے ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اپنی سلامتی نظام اور فوجی ذرائع کو مستحکم کریں۔ کانگریس لیڈر وں نے الزام لگایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہماری فوجی صلاحیتوں اور سلامتی نظام میں تشویشناک حد تک گراوٹ دیکھی گئی ہے اوریہ تب ہے جبکہ فوجی سلامتی پر سیاسی بیان بازی بھی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ہماری جی ڈی پی کے مجموعی سلامتی بجٹ میں کمی اس بات کی سب سے بڑی مثال ہے جو 2019 میں 57 برسوں میں سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

سلامتی خطروں سے نمٹنے کے لئے ضروری تیاریوں کو نظرانداز کرنے کے ساتھ ساتھ سفارتی ناکامیابیاں گزشتہ پانچ برسوں میں پیدا ہوئی ہیں جو ہماری قومی سلامتی کےلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ سرحد پار سے دراندازی میں ڈیڑھ گنا اضافہ اور پاکستان سے سیزفائر کی خلاف ورزی میں پانچ گنا اضافے سے بھی یہ بات ثابت ہوتی ہے۔

(یو این آئی)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔