گجرات اسمبلی انتخابات: کانگریس نے جاری کی 33 امیدواروں کی نئی فہرست

فہرست میں نمایاں نام قائد حزب اختلاف سکھرام راٹھوا کا ہے، جو جیت پور (ایس ٹی سیٹ) سے الیکشن لڑیں گے، موجودہ ایم ایل اے امیت چاوڑا (اَنکلاؤ سیٹ) سے، جبکہ شیلیش پرمار کو (دانی لمڈا سیٹ) سے ٹکٹ ملا ہے۔

کانگریس، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس پارٹی نے اتوار کی شام ایک نئی فہرست جاری کی جس میں گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے 33 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ 33 امیدواروں میں سے 22 ایم ایل اے موجودہ ہیں۔ فہرست میں نمایاں ناموں میں اپوزیشن لیڈر سکھرام راٹھوا، جو جیت پور (ایس ٹی سیٹ) سے الیکشن لڑیں گے، جی پی سی سی کے سابق صدر اور موجودہ ایم ایل اے امیت چاوڑا (اَنکلاؤ سیٹ)، شیلیش پرمار، جبکہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر کو (دانی لمڈا سیٹ) سے ٹکٹ ملا ہے۔

اس فہرست میں دو خواتین امیدوار بھی شامل ہیں، گرباڑہ (ایس ٹی سیٹ) سے چندریکا بین بَرایا اور جینی بین ٹھاکر (واو)۔ اس فہرست میں دو موجودہ مسلم ایم ایل اے غیاث الدین شیخ اور عمران کھیڑا والا بھی شامل ہیں۔ وہیں وڈودرا سے سابق ایم پی ستیہ جیت گائکواڑ واگھوڈیا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے، جب کہ راجیہ سبھا ممبر نارن بھائی راٹھوا کے بیٹے سنگرام سنگھ چھوٹا اُد پور سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ پارٹی نے بوٹَاڈ سیٹ سے اپنا امیدوار تبدیل کیا ہے، جہاں سے رمیش میر کی جگہ منہر پٹیل کو میدان میں اتارا گیا ہے۔


غور طلب بات یہ ہے کہ ریاست کی 182 اسمبلی سیٹوں پر دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاست کی 89 اسمبلی سیٹوں پر یکم دسمبر اور 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو پولنگ ہونی ہے۔ ریاست میں انتخابات کے پہلے مرحلے میں 89 اسمبلی حلقوں کے لیے نامزدگیوں کی آخری تاریخ 14 نومبر ہے اور دوسرے مرحلے میں 5 دسمبر کو ہونے والی 93 اسمبلی سیٹوں کے لیے نامزدگیوں کی آخری تاریخ 17 نومبر ہے۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔