نیرو مودی کی لندن میں گرفتاری، ’انتخابات کے سبب لایا جا رہا بھگوڑا‘، کانگریس کا بیان

غلام نبی آزاد نے کہا، ’’انہوں (بی جے پی) نے اس کو ملک سے بھاگنے میں مدد کی، اب وہی انتخابی فائدے کے لئے اس کو واپس لے کر آ رہے ہیں۔ انتخابات ختم ہونے کے بعد وہ اسے دوبارہ بھیج دیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لندن: بھگوڑے تاجر نیرو مودی کو لندن کے ہالبورن میں پولس نے گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف ہندوستانی انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست پر ویسٹ منسٹر کورٹ نے پیر کے روز وارنٹ جاری کیا تھا۔

پنجاب نیشنل بینک کے تقریباً 14 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے کا ملزم نیرو مودی 17 ماہ پہلے ملک سے فرار ہوگیا تھا۔ نیرو مودی کو کچھ دن پہلے لندن کی سڑکوں پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ حکومت اس کی حوالگی کے لئے کارروائی کر رہی ہے۔

ادھر کانگریس پارٹی نے بینک گھوٹالہ کے مفرور ملزم نیرو مودی کی لندن میں گرفتاری کی وجہ انتخابات کو قرار دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے گرفتاری کو ایک طرح سے ’الیکشن اسٹنٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ’’انہوں (بی جے پی) نے اس کو ملک سے بھاگنے میں مدد کی، اب وہی انتخابی فائدے کے لئے اس کو واپس لے کر آ رہے ہیں۔ انتخابات ختم ہونے کے بعد وہ اسے دوبارہ بھیج دیں گے۔‘‘

ذرائع کے مطابق نیرو مودی کو ویسٹ منسٹر کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں اس کی حوالگی کے کیس کی سماعت ہو گی۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے انٹرپول اور برطانوی حکام سے رابطہ قائم کر کے نیرو مودی کے خلاف جاری ریڈ کارنر نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے اس کی فوری گرفتاری کی مانگ کی تھی۔

نیرومودی اور اس کے ماما میہل چوکسی نے مل کر پنجاب نیشنل بینک کو 14 ہزار کروڑ روپے کا چونا لگایا تھا۔ ہندوستانی حکام کی درخواست پر نیرو مودی کی گرفتاری کے لئے گزشتہ سال جولائی میں انٹرپول نے ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔