اڈانی گروپ کے پاور پروجیکٹ اخراجات میں 99 فیصد کمی پر کانگریس نے اٹھائے سوال، جانچ کرانے کا مطالبہ

جئے رام رمیش نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران موڈانی گروپ کی غیر معمولی توسیع مبینہ گھوٹالوں کی ایک ایسی داستان رہی ہے جس کے کئی پہلو پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی اور گوتم اڈانی، تصویر @INCIndia</p></div>
i

کانگریس نے اڈانی گروپ کے مزید ایک معاملے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے مہاراشٹر میں اڈانی گروپ کے 1500 میگاواٹ کے پاور پروجیکٹ کی لاگت میں اچانک 99 فیصد کمی کیے جانے کے انکشاف پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اڈانی گروپ کو مسلسل ایسے معاملات میں فائدہ پہنچ رہا ہے اور اس کے کاروباری پھیلاؤ اور سرکاری اثاثوں پر قبضے کی مکمل جانچ کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) تشکیل دینے کا کانگریس کا مطالبہ اب پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔

انگریزی روزنامہ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی 13 نومبر 2026 کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ نے مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں مجوزہ 1500 میگاواٹ کے تارلی پمپڈ اسٹوریج پاور پروجیکٹ کی لاگت 5675 کروڑ روپے سے گھٹا کر محض 56.75 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پروجیکٹ کی لاگت میں تقریباً 100 گنا کمی کے ساتھ ہی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جمع کرائی جانے والی رقم بھی 227 کروڑ روپے سے گھٹ کر تقریباً 2.27 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔


اس بارے میں جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران موڈانی گروپ کی غیر معمولی توسیع مبینہ گھوٹالوں کی ایک ایسی داستان رہی ہے جس کے کئی پہلو پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس مارچ 2023 سے ہی اس گروپ کی ترقی، یکے بعد دیگرے کمپنی اور صنعت پر اس کے قبضے اور سرکاری اثاثوں کے حصول کی مکمل جانچ کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) تشکیل دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب ایک مشہور انگریزی روزنامہ میں مزید ایک حیرت انگیز انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے اس سے پہلے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے متعلق معاملات کو بھی بے نقاب کیا تھا۔ یہ انکشاف انتہائی حیران کرنے والا ہے۔‘‘ وہ آگے بتاتے ہیں کہ ’’مہاراشٹر میں 1500 میگاواٹ کے پمپڈ اسٹوریج پاور پروجیکٹ کی لاگت، جسے گزشتہ سال 5675 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی تھی، اب ایک حلف نامے میں محض 56.75 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ یعنی لاگت میں پورے 99 فیصد کی کمی ظاہر کی گئی ہے۔‘‘

جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ یہ ناقابل یقین ہے اور اس بات کی مزید ایک مثال ہے کہ اڈانی گروپ کس طرح ہر بار ایسے معاملات سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ یہ معاملہ ایک بہت بڑے گھوٹالے کی طرف اشارہ کرتا ہے اور اڈانی گروپ کے کاروباری معاملات کی جانچ کے لیے جے پی سی تشکیل دینے کے مطالبے کو مزید مضبوط کرتا ہے۔


’دی انڈین ایکسپریس‘ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں مرکزی وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے جاری کردہ خط میں اس پروجیکٹ پر خرچ 5675 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ اسی بنیاد پر مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات نے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سہیا دری ٹائیگر ریزرو کے کھاتے میں پروجیکٹ کی لاگت کا 4 فیصد، یعنی 227 کروڑ روپے جمع کرانے کو کہا تھا۔ لیکن اڈانی گرین انرجی نے 8 ستمبر 2026 کو نوٹری سے تصدیق شدہ حلف نامہ پیش کرتے ہوئے پروجیکٹ کی لاگت 56.75 کروڑ روپے بتائی اور اسی رقم کو تسلیم کرنے کی درخواست کی۔ مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات نے 12 اکتوبر کو اس نظرثانی شدہ خرچ کو قبول کر لیا۔ اس کے نتیجے میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جمع کرائی جانے والی رقم بھی 227 کروڑ روپے سے گھٹ کر 2.27 کروڑ روپے رہ گئی۔ کمپنی اب تک 56.75 لاکھ روپے جمع کرا چکی ہے۔

اس معاملے میں ستارا ضلع کے اعزازی وائلڈ لائف وارڈن روہن بھاٹے نے 30 اکتوبر کو وزیر اعظم کے شکایتی پورٹل اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے دفتر میں شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے پروجیکٹ کے خرچ میں کی گئی اس غیر معمولی کمی پر اعتراض کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا تھا۔ اس شکایت کے بعد مرکزی وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی نے 6 نومبر کو مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات کو اس معاملے کی ترجیحی بنیاد پر جانچ کرنے اور مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی محکمہ جنگلات نے بھی اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔


دوسری طرف اڈانی گروپ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ تارلی پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹ کے تمام حصے پٹن تعلقہ کے 3 گاؤں میں نجی زمین پر واقع ہیں اور اس میں جنگلات کی کوئی زمین شامل نہیں ہے۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروجیکٹ سے آس پاس کے ماحول، جنگلات یا جنگلی حیات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ حالانکہ رپورٹ کے مطابق ترجمان نے پروجیکٹ کے خرچ میں اچانک 99 فیصد کمی کیے جانے سے متعلق مخصوص سوال کا جواب نہیں دیا۔

اس معاملے میں جانچ جاری ہے اور پروجیکٹ کو قومی وائلڈ لائف بورڈ کی منظوری بھی حاصل کرنا باقی ہے۔ ایسے میں پروجیکٹ کے خرچ میں غیر معمولی کمی، اس کے نتیجے میں جنگلی حیات کے تحفظ کے فنڈ میں بھاری تخفیف اور متعلقہ حکام کی جانب سے حلف نامہ کو قبول کیے جانے کے معاملات کئی اہم سوالات کھڑے کرتے ہیں۔ کانگریس نے اسی پس منظر میں ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ اڈانی گروپ کے کاروباری پھیلاؤ اور اسے ملنے والے مبینہ فوائد کی جامع جانچ جے پی سی کے ذریعے کرائی جائے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔