ہنومان مندر توڑے جانے پر بی جے پی-عآپ کے خلاف کانگریس کا مظاہرہ

دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ جب تک چاندنی چوک واقع منہدم ہنومان مندر کو دوبارہ نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک کانگریس اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

چودھری انل کمار و علی مہندی، تصویر DPCC
چودھری انل کمار و علی مہندی، تصویر DPCC
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے مشہور علاقہ چاندنی چوک واقع ہنومان مندر توڑے جانے کے بعد نہ صرف مقامی لوگوں میں غم و غصہ کا ماحول ہے بلکہ بی جے پی اور عآپ پر مندر دوبارہ تعمیر کرنے کا دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس نے تحریک شروع کر دی ہے اور بی جے پی حکمراں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن اور دہلی کی عآپ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد ہنومان مندر تعمیر کرے ورنہ یہ تحریک جاری رہے گی۔

تصویر DPCC
تصویر DPCC

دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے دہلی کے باشندوں کی جانب سے مذہبی عقیدہ کو دیکھتے ہوئے چاندنی چوک میں تاریخی ہنومان مندر کو از سر نو تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اکشر دھام مندر میٹرو اسٹیشن پر کھولی گئی شراب کی دکان کو ایک ہفتہ کے اندر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو کانگریس پارٹی عدالت سے سڑک تک تحریک چلائے گی۔ یہ بات ریاستی دفتر راجیو بھون میں منعقد پریس کانفرنس میں چودھری انل کمار نے کہی۔ ان کے ساتھ دہلی کانگریس کے نائب صدر علی مہندی بھی موجود تھے۔

تصویر DPCC
تصویر DPCC

چودھری انل کمار نے نامہ نگاروں سے کہا کہ چاندنی چوک واقع ہنومان مندر کو توڑنے کے لیے عام آدمی پارٹی کی اروند کیجریوال حکومت اور بی جے پی حکمراں دہلی میونسپل کارپوریشن ذمہ دار ہے کیونکہ دہلی حکومت نے مندر کو تجاوزات بتا کر اسے ہٹائے جانے کے لیے بی جے پی حکمراں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کو خط لکھا تھا اور بی جے پی و عآپ دونوں حکومتوں نے عدالت میں مندر کے تجاوزات ہونے کی بات قبول کی تھی۔

تصویر DPCC
تصویر DPCC

قابل ذکر ہے کہ تاریخی چاندنی چوک واقع ہنومان مندر توڑے جانے کے خلاف چاندنی چوک ضلع کانگریس کمیٹی نے ریاستی نائب صدر مدرت اگروال اور ضلع صدر محمد عثمان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جس میں خاتون ریاستی صدر امرتا دھون، جے کشن، منوج گپتا، پردیپ گپتا، اشوک تیاگی، چاند کمار سمیت سینکڑوں کانگریس کارکنان موجود تھے۔


اس کے علاوہ دہلی کانگریس صدر انل چودھری نے اکشر دھام میٹرو اسٹیشن شاپنگ مال سے شراب کی دکان فوراً بعد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی کانگریس کیجریوال حکومت کے ذریعہ ہر وارڈ میں 3 شراب کے ٹھیکے کھولنے کے فیصلہ کی مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کیجریوال نے اکشر دھام مندر میں دیوالی کی پوجا کر کے دہلی کے باشندوں کو جو مذہبی خیرسگالی کا پیغام دیا تھا، اکشر دھام میٹرو اسٹیشن کے پاس شراب کا ٹھیکا کھول کر اس پر پانی پھیر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دہلی کے باشندوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔