’’500 روپے کے پار نہیں جانے دیں گے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت‘‘، اتراکھنڈ میں کانگریس کا وعدہ

بھوپیش بگھیل نے اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں وعدہ کیا کہ اگر ریاست کے اندر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 500 روپے کے پار نہیں جانے دی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مرکز کی مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری پر مودی حکومت بالکل خاموش ہے۔ یہ بات انھوں نے اتراکھنڈ کے دہرادون میں کہی۔ ساتھ ہی بھوپیش بگھیل نے اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں وعدہ کیا کہ اگر ریاست کے اندر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 500 روپے کے پار نہیں جانے دی جائے گی۔ دراصل پیر کے روز کانگریس نے اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب کے لیے کیمپین گیت لانچ کیا۔ اسی موقع پر سستے ایل پی جی سلنڈر کا وعدہ بھی کیا گیا۔ اتنا ہی نہیں، کانگریس نے اتراکھنڈ میں 5 لاکھ کنبوں کو سالانہ 40 ہزار روپے دینے اور 4 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

اس دوران انھوں نے کانگریس کے انٹرنیٹ میڈیا کا وہاٹس ایپ پروگرام بھی لانچ کیا۔ راج پور روڈ واقع ایک نجی ہوٹل میں کانگریس کے کیمپین گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے بعد انھوں نے پریس کانفرنس کو خطاب کیا۔


بھوپیش بگھیل نے مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری پر مودی حکومت خاموش ہے۔ اتراکھنڈ میں بے روزگاری کا انڈیکس قومی بے روزگاری سے بھی زیادہ ہے۔ یہاں عوام نے بی جے پی کو زبردست مینڈیٹ دیا۔ 70 میں سے 57 سیٹ بی جے پی کی جھولی میں ڈالی، لیکن بدلے میں کیا ملا، تین تین وزرائے اعلیٰ، بدعنوانی، بے روزگاری، مہنگائی۔ اب اتراکھنڈ کی عوام بی جے پی کا اصلی چہرہ دیکھ چکی ہے۔

اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ اور انتخابی کمیشن کمیٹی کے سربراہ ہریش راوت، حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ، کانگریس کے ریاستی صدر گنیش گودیال، ڈاکٹر ہرک سنگھ راوت، کانگریس سٹی کانگریس صدر لال چند شرما، ڈاکٹر پرتیما سنگھ، کانگریس کے ریاستی سکریٹری راجندر شاہ موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔